چکوال: رپورٹ: جلیل نقوی
عوامی تفریح اور صحت مند سرگرمیوں کے لیے قائم ڈھڈیال پارک صفائی کے ناقص انتظامات کے باعث انتظامیہ کی فوری توجہ کا منتظر ہے۔* پارک کے مختلف حصوں میں جنگلی جڑی بوٹیوں اور خود رو گھاس کی بھرمار نے اس کی خوبصورتی کو متاثر کر دیا ہے جبکہ واکنگ ٹریک پر بھی گھاس اگ آنے سے صبح و شام واک اور ورزش کے لیے آنے والے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے* متعدد مقامات پر صفائی کے مناسب انتظامات نہ ہونے کے باعث پارک کی مجموعی حالت ابتر دکھائی دیتی ہے، جس پر شہریوں نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔ * مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ ڈھڈیال پارک علاقے کی اہم عوامی تفریح گاہ ہے جہاں روزانہ بڑی تعداد میں بزرگ، نوجوان، خواتین اور بچے سیر و تفریح اور ورزش کے لیے آتے ہیں تاہم مناسب دیکھ بھال نہ ہونے سے پارک کی افادیت متاثر ہو رہی ہے۔* ان کا کہنا ہے کہ اگر بروقت صفائی، گھاس کی کٹائی اور جنگلی جڑی بوٹیوں کی تلفی نہ کی گئی تو صورتحال مزید خراب ہو سکتی ہے۔شہریوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ پارک میں فوری طور پر صفائی مہم چلائی جائے، واکنگ ٹریک کو مکمل طور پر صاف کیا جائے، جنگلی گھاس کی کٹائی کرائی جائے اور مستقل بنیادوں پر دیکھ بھال کا مؤثر نظام وضع کیا جائے تاکہ ڈھڈیال پارک دوبارہ اپنی خوبصورتی بحال کر سکے اور عوام کو صاف، ستھرا اور محفوظ ماحول میسر آ سکے۔

