بہاولنگر(عزیز اللّٰہ ساقی)
بہاولنگر: پیرا فورس نے ڈونگا بونگا شہر میں پرائس کنٹرول اور غیر قانونی تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران مارکیٹوں اور مختلف تجارتی مراکز کا تفصیلی معائنہ کیا گیا، جہاں سرکاری نرخ ناموں پر عملدرآمد کو یقینی بنایا گیا۔پیرا فورس کی ٹیم نے سرکاری نرخوں کی خلاف ورزی، مہنگے داموں اشیائے ضروریہ فروخت کرنے اور غیر قانونی تجاوزات قائم کرنے والے متعدد دکانداروں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے بھاری جرمانے عائد کیے۔ اس موقع پر تجاوزات بھی ہٹائی گئیں تاکہ شہریوں کو آمدورفت میں درپیش مشکلات کا خاتمہ کیا جا سکے۔پیرا فورس حکام کا کہنا ہے کہ ناجائز منافع خوری، ذخیرہ اندوزی اور تجاوزات کے خلاف کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی، جبکہ شہریوں کو معیاری اشیاء سرکاری نرخوں پر فراہم کرنے کے لیے پرائس کنٹرول اقدامات مزید سخت کیے جائیں گے۔

