سیالکوٹ (سلیم احمد اعوان شیخو)
سیکرٹری ویمن ڈویلپمنٹ پنجاب ثمن رائے نے گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ڈیپارٹمنٹ آف آرٹ اینڈ ڈیزائن میں فائنل ایئر طالبات کی تھیسز نمائش دیکھی۔ اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شازیہ بشیر بھی موجود تھیں۔ نمائش میں 18 طالبات کے 200 سے زائد تخلیقی فن پارے، جدید ڈیزائنز اور آرٹ کے منفرد نمونے پیش کئے گئے۔ ٹیکسٹائل ڈیزائن کی طالبات کی جانب سے ہوم ڈیزائننگ کے جدید اور منفرد آئیڈیاز نمائش میں خصوصی توجہ کا مرکز بنے رہے۔سیکرٹری ویمن ڈویلپمنٹ پنجاب ثمن رائے نے نمائش کا معائنہ کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں خواتین کی ترقی، خود مختاری اور معاشی خود کفالت کیلئے عملی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ خواتین کو تعلیم، ہنر اور روزگار کے مواقع فراہم کرنا حکومت پنجاب کی ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ فائن آرٹس کی طالبات کی چار سالہ محنت ان کے تخلیقی کام میں واضح نظر آ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نمائش کا معیار قابل تعریف ہے، طالبات کا کام حیران کن ہے جبکہ فیکلٹی کی محنت اور رہنمائی بھی نمایاں ہے۔
ثمن رائے نے کہا کہ آرٹ اور ڈیزائن کے شعبے میں عالمی سطح پر وسیع مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ طالبات کو چاہیے کہ سوشل میڈیا اور ڈیجیٹل مارکیٹنگ کے جدید ذرائع کو استعمال کرتے ہوئے اپنے فن کو عالمی سطح پر متعارف کروائیں۔

