مری ( راشد مغل سے)
مری میں موبائل فون نیٹ ورک سروس گزشتہ دو ماہ سے مکمل طور پر بحال نہ ہو سکی جس کے باعث شہریوں اور سیاحوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے مری کی بلند عمارتوں پر نصب مختلف موبائل نیٹ ورک کمپنیوں کے ٹاورز اور پولز ہٹانے سے مری شہر اور گردونواح کے بیشتر علاقوں میں موبائل فون سروس شدید متاثر ہو کر رہ گئی ہے کئی علاقوں میں صارفین کو نیٹ ورک سگنلز دستیاب نہیں جبکہ بعض مقامات پر سروس انتہائی کمزور ہونے کے باعث رابطے میں مشکلات پیش آ رہی ہیں شہریوں کا کہنا ہے کہ موبائل سروس کی بندش سے روزمرہ زندگی کے معمولات بری طرح متاثر ہو رہے ہیں اور ہنگامی حالات میں متعلقہ اداروں ریسکیو سروسز اور اہل خانہ سے فوری رابطہ ممکن نہیں رہتا مقامی کاروباری حلقوں کے مطابق موبائل نیٹ ورک کی عدم دستیابی سے آن لائن لین دین ڈیجیٹل بینکنگ اور دیگر کاروباری سرگرمیاں بھی متاثر ہو رہی ہیں جس سے تاجروں اور صارفین دونوں کو مشکلات کا سامنا ہے دوسری جانب مری آنے والے ملکی و غیر ملکی سیاح بھی موبائل فون سروس کی عدم دستیابی پر شدید تحفظات کا اظہار کر رہے ہیں سیاحوں کا کہنا ہے کہ راستوں کی معلومات حاصل کرنے، ہوٹلوں اور سفری سہولیات سے رابطہ کرنے اور اپنے اہل خانہ سے مسلسل رابطے میں رہنے میں دشواری پیش آ رہی ہے، جس سے ان کے سیاحتی تجربے پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں مقامی سماجی، عوامی اور کاروباری حلقوں نے حکومت پنجاب، (پی ٹی اے) اور متعلقہ موبائل نیٹ ورک کمپنیوں سے مطالبہ کیا ہے کہ مری میں موبائل فون سروس کی فوری بحالی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں اور متبادل مقامات پر ٹاورز نصب کرکے شہریوں اور سیاحوں کو درپیش مشکلات کا جلد از جلد ازالہ کیا جائے۔

