صوابی (حق نوازخان)
وفاقی حکومت کی جانب سے ایف بی آر کے ٹیکس اقدامات کے خلاف صوبہ بھر کی طرح ضلع صوابی، بالخصوص تحصیل ٹوپی میں صرافہ جیولرز ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام احتجاج کیا گیا۔ احتجاج کے دوران جیولرز نے اپنی دکانیں بند رکھیں اور حکومت سے اپنے مطالبات منظور کرنے کا مطالبہ کیا۔اس موقع پر صرافہ جیولرز ایسوسی ایشن ٹوپی کے صدر سعیداللہ خان اور جنرل سیکرٹری عرفان نے کہا کہ ایف بی آر کی جانب سے دفعہ 175-سی کو فوری طور پر ختم کیا جائے کیونکہ یہ شق ان کے لیے ناقابل قبول ہے۔ اگر حکومت جائز اور قابلِ عمل ٹیکس نافذ کرتی ہے تو تاجر برادری کو اس پر کوئی اعتراض نہیں، تاہم موجودہ اقدامات سے کاروباری طبقہ شدید مشکلات کا شکار ہوگا۔انہوں نے اعلان کیا کہ جب تک ان کے مطالبات تسلیم نہیں کیے جاتے، صرافہ بازار کی دکانیں بند رہیں گی اور احتجاج کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔ احتجاج میں جیولرز کی بڑی تعداد نے شرکت کرتے ہوئے حکومت سے تاجروں کے تحفظات دور کرنے کا مطالبہ کیا۔

