لاہور:محکمہ موسمیات نے شمال مشرقی اور بالائی پنجاب کے مختلف علاقوں میں آئندہ چند گھنٹوں کے دوران بارش کی پیشگوئی کر دی ہے۔
منگل سے اتوار کے دوران کشمیر کی وادی نیلم، مظفرآباد، راولا کوٹ، پونچھ، ہٹیاں، باغ، حویلی، سدھنوتی، کوٹلی، بھمبر اور میرپور میں، جبکہ جمعرات سے اتوار کے دوران گلگت بلتستان کے اضلاع دیامر، استور، غذر، اسکردو، ہنزہ، گلگت، گھانچے اور شگر میں وقفے وقفے سے تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا کے اضلاع دیر، چترال، سوات، کوہستان، مالاکنڈ، باجوڑ، بٹگرام، کوہاٹ، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان، خیبر، وزیرستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور اور پشاور میں بھی کہیں کہیں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ چند مقامات پر تیز بارش اور اولے پڑ سکتے ہیں۔
موسمیاتی تجزیہ کاروں کے مطابق منگل سے بلوچستان کے اضلاع ژوب، شیرانی، زیارت، کوہلو، نصیرآباد، کوئٹہ، قلعہ سیف اللہ، قلعہ عبداللہ، ہرنائی، سبی، بارکھان، خضدار اور ڈیرہ بگٹی میں بھی آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور چند مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے۔
سندھ کے بالائی علاقوں بشمول سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد، خیرپور، دادو، گھوٹکی، کشمور، شکارپور اور شہید بینظیر آباد میں بھی پورا ہفتہ بارش متوقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اسی دوران کراچی اور اس کے گردونواح میں گرد آلود آندھی اور ہلکی بارش کا امکان بھی ہے۔
اس دوران تیز ہواؤں، ژالہ باری اور بجلی چمکنے کے باعث کمزور ڈھانچوں جیسے سولر پینلز، بجلی کے کھمبوں اور سائن بورڈز کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ منگل سے اتوار کے دوران خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں گلگت بلتستان اور کشمیر کے حساس مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خطرہ ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ تیز بارشوں کے باعث راولپنڈی، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، لاہور اور فیصل آباد میں اربن فلڈنگ کی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔ کسانوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ موسم کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی فصلوں کے معاملات سنبھالیں، جبکہ سیاحوں اور مسافروں کو بھی انتہائی محتاط رہنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

