صوابی: (حق نوازخان )
ملک کے معروف صحافی، ماہرِ ابلاغیات، جرنلزم اینڈ ماس کمیونیکیشن کے استاد اور نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز (NUML) اسلام آباد کے فیکلٹی ممبر پروفیسر ڈاکٹر خالد سلطان نے کہا ہے کہ صحافت محض خبر رسانی کا نام نہیں بلکہ ایک عظیم سماجی ذمہ داری ہے، جس کا بنیادی مقصد عوام تک درست، مستند، متوازن اور مفادِ عامہ پر مبنی معلومات پہنچانا ہے۔ صحافیوں کو چاہیے کہ وہ کسی بھی خبر یا سٹوری کو حتمی شکل دیتے وقت صحافت کے بنیادی اصولوں، پیشہ ورانہ اخلاقیات اور حقائق کی مکمل جانچ پڑتال کو ہر حال میں مقدم رکھیں تاکہ عوام تک پہنچنے والی معلومات تحقیق اور تصدیق کے مراحل سے گزر کر سامنے آئیں۔وہ صوابی پریس کلب (رجسٹرڈ) کے زیرِ اہتمام پروگرام "میٹ دی پریس” کے دوران صحافیوں سے خطاب کر رہے تھے۔پروفیسر ڈاکٹر خالد سلطان نے کہا کہ فریڈم آف انفارمیشن اور فریڈم آف ایکسپریشن جمہوری معاشروں کی بنیاد ہیں، تاہم آزادی اظہار کے ساتھ ذمہ داری اور احتساب بھی لازم ہے۔ صحافی کو یہ دیکھنا چاہیے کہ کسی خبر کی اشاعت یا نشر و اشاعت کے بعد اس کے معاشرے، ریاست اور عوام پر کیا اثرات مرتب ہوں گے۔ خبر میں غیر ضروری سنسنی، تجسس اور جذباتی رنگ آمیزی وقتی توجہ تو حاصل کر سکتی ہے لیکن اس سے خبر کی اصل افادیت، ساکھ اور عوامی اعتماد متاثر ہوتا ہے۔
ڈاکٹر خالد سلطان نے کہا کہ جدید دور میں ڈیجیٹل میڈیا اور سوشل میڈیا نے اطلاعات کی رفتار میں بے پناہ اضافہ کیا ہے، لیکن اس کے ساتھ جھوٹی خبروں، گمراہ کن معلومات اور پراپیگنڈے کے خطرات بھی بڑھ گئے ہیں۔ ایسے حالات میں صحافیوں پر دوہری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ خبر کی تصدیق، فیکٹ چیکنگ اور ذمہ دارانہ رپورٹنگ کو اپنی پیشہ ورانہ ترجیحات میں شامل رکھیں۔
اس موقع پر انہوں نے صحافیوں کو تحقیقاتی صحافت، ذمہ دار رپورٹنگ، ڈیجیٹل میڈیا کے مؤثر استعمال، عوامی اعتماد کے تحفظ اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے کے حوالے سے بھی مفید رہنمائی فراہم کی۔
تقریب کے آغاز میں صوابی پریس کلب (رجسٹرڈ) کے صدر سید عارف شاہ نے معزز مہمان پروفیسر ڈاکٹر خالد سلطان کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ وہ ملک کے ممتاز صحافی، ماہرِ ابلاغیات، محقق اور صحافت کے شعبے میں گراں قدر خدمات انجام دینے والی شخصیت ہیں، ۔
تقریب کے اختتام پر صوابی پریس کلب (رجسٹرڈ) کی جانب سے پروفیسر ڈاکٹر خالد سلطان کو صحافت اور ابلاغیات کے شعبے میں نمایاں خدمات کے اعتراف میں اعزازی ممبرشپ اور یادگاری شیلڈ پیش کی گئی۔

