واشنگٹن ڈی سی :امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ’ہم چاہتے ہیں سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر اور دیگر ممالک فوراً معاہدہ ابراہیمی میں شامل ہو جائیں۔
امریکی کابینہ کے اجلاس میں گفتگو کے دوران ٹرمپ کا کہنا تھا: ’ایمانداری سے بات کروں تو they owe it to us‘۔ یعنی وہ ممالک معاہدہ ابراہیمی میں شامل ہونے کی ہماری بات ماننے کے پابند ہیں۔پھر انھوں نے مشرق وسطیٰ کے لیے امریکی ایلچی سٹیو وٹکوف کو مخاطب کر کے پوچھا: ’سٹیو!ً کیا آپ انھیں (معاہدے پر) دستخط کے لیے آمادہ کر لیں گے؟‘اس پر جواب دیا گیا: ’جناب صدر! ہم یقینی طور پر اس کے لیے دباؤ ڈال رہے ہیں۔‘ٹرمپ نے کہا کہ ’اگر انھوں نے دستخط نہ کیے تو میں پُر یقین نہیں ہوں کہ کیا ہمیں معاہدہ کرنا بھی چاہیے۔‘امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ’ہم بھرپور انداز میں درخواست کریں گے کہ وہ اس (معاہدہ ابراہیمی) میں شامل ہوں۔‘
رپورٹر نے سوال کیا، تو کیا ایران کے ساتھ معاہدہ اس بات کے ساتھ مشروط ہو گا کہ مزید ممالک بھی معاہدہ ابراہیمی کا حصہ بنیں؟ٹرمپ نے جواب دیا: ’میں یہ نہیں کہنا چاہتا، میں نہیں بتانا چاہتا کہ کیا مشروط ہے اور کیا نہیں۔ میں یہ کہہ سکتا ہوں کہ ہم ابھی ایک اچھا معاہدہ کر سکتے ہیں لیکن شاید وہ زبردست معاہدہ نہ ہو۔ اور اگر وہ معاہدہ زبردست نہیں ہے تو ہم کر ہی نہیں رہے۔‘امریکی صدر سے یہ سوال بھی کیا گیا کہ کیا وہ ایک ایسا قلیل مدتی معاہدہ قبول کر لیں گے جس کے تحت ایران اور عمان آبنائے ہرمز کو کنٹرول کریں؟
اس کے جواب میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ’آبنائے ہرمز ہر کسی کے لیے کھلی رہے گی۔ ہم اس کی نگرانی کر رہے ہوں گے لیکن کوئی بھی اس پر کنٹرول نہیں کر رہا ہو گا۔‘ٹرمپ نے کہا کہ عمان کا رویہ بھی ایسا ہی ہو گا جیسا کہ دیگر ممالک کا ہو گا ورنہ ’ہمیں اس کو تباہ کرنا پڑے گا، وہ اس بات کو سمجھتے ہیں۔‘
مسلم ممالک فوری معاہدہ ابراہیمی میں شامل ہوں،ڈونلڈ ٹرمپ، عمان کو تباہ کرنیکی دھمکی

