نواب شاہ(رپورٹ نفیس آرائیں)ڈپٹی ڈائریکٹریٹ وومین ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ضلع شہید بینظیرآباد، اڑان ٹرسٹ اور سوشل ویلفیئر تعلقہ شہید بینظیرآباد کے اشتراک سے اسلامیہ گرلز ہائی اسکول میں طالبات کے لیے ایک آگاہی سیشن منعقد کیا گیا، جس میں مختلف سماجی، صحت اور فلاحی موضوعات پر تفصیلی گفتگو کی گئی ڈپٹی ڈائریکٹر وومین ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ نسیم حسن مستوئی نے اپنے خطاب میں کہا کہ معاشرے میں آگاہی پیدا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہیلتھ اینڈ ہائی جین، صنفی بنیاد پر تشدد اور کم عمری کی شادیوں جیسے مسائل کے خاتمے کے لیے تعلیمی اداروں میں ایسے سیشنز کا انعقاد انتہائی اہم ہے۔ ان کے مطابق خواتین اور بچیوں کو بااختیار بنانے کے لیے شعور اور تعلیم بنیادی کردار ادا کرتی ہے۔اسسٹنٹ ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر تعلقہ ایس بی اے فوزیہ حسن نے اپنے خطاب میں کہا کہ طالبات کو اپنی صحت، حفاظت اور حقوق سے متعلق مکمل آگاہی ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ صنفی بنیاد پر تشدد ایک سنگین سماجی مسئلہ ہے جس کے خاتمے کے لیے اجتماعی کوششوں اور مضبوط ادارہ جاتی تعاون کی ضرورت ہے۔ انہوں نے سینئر سٹیزن کارڈ اور دیگر فلاحی پروگراموں کے بارے میں بھی آگاہی دی۔نسیم ڈاہری نے اپنے خطاب میں کہا کہ لڑکیوں کی تعلیم اور آگاہی ہی ایک محفوظ اور ترقی یافتہ معاشرے کی ضمانت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کم عمری کی شادیوں اور غیر متوازن ازدواجی رشتوں کے معاشرتی و نفسیاتی نقصانات انتہائی سنگین ہیں، جن سے بچاؤ کے لیے شعور بیدار کرنا ناگزیر ہے۔آگاہی سیشن میں ہیلتھ اینڈ ہائی جین کے اصول، صنفی بنیاد پر تشدد کے اثرات، سینئر سٹیزن کارڈ کی اہمیت، کم عمری کی شادیوں اور غیر متوازن شادیوں کے نقصانات سمیت مختلف اہم موضوعات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ مقررین نے طالبات کو صحت مند طرزِ زندگی اپنانے اور تعلیم پر توجہ مرکوز رکھنے کی تلقین کی۔آخر میں شرکاء نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ایسے آگاہی پروگراموں کا تسلسل نہ صرف طالبات میں شعور بیدار کرے گا بلکہ معاشرے میں مثبت اور دیرپا تبدیلی کا باعث بھی بنے گا۔
اسلامیہ گرلز ہائی اسکول میں طالبات کے لیےآگاہی سیشن منعقد کیا گیا

