لکی مروت: سرائے نورنگ بازار میں بیچ سڑک دھماکے کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکاروں اور 5 سویلین افراد سمیت 7 افراد شہید جبکہ متعدد افراد زخمی ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں نے سرائے نورنگ بازار کو دھماکے سے نشانہ بنایا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکے کے لیے موٹر سائیکل میں نصب دھماکہ خیز مواد استعمال کیا گیا۔
مقامی پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے نو افراد میں دو ٹریفک پولیس کے اہلکار بھی شامل ہیں۔ مقامی پولیس کے مطابق یہ دھماکہ نورنگ کے مصروف ترین بازار میں واقع پھاٹک چوک پر ہوا۔ اس مقام پر صبح کے اوقات میں زیادہ رش کی وجہ سے ٹریفک پولیس اہلکار ٹریفک کو کنٹرول کرتے ہیں۔
پولیس اہلکاروں کے مطابق لاشوں اور زخمیوں کو نورنگ ہسپتال کے علاوہ بنوں میں ڈسٹرکٹ ہیڈ کواٹر ہسپتال اور خلیفہ گل نواز ٹیچنگ ہسپتال منقتل کر دیا گیا ہے۔
خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں اور لکی مروت میں ایک عرصے سے حالات کشیدہ ہیں۔ سنیچر کی شام بنوں میں فتح خیل چیک پوسٹ پر بھی لوڈر رکشہ میں بارودی مواد سے دھماکہ کیا گیا تھا جس میں 15 پولیس اہلکاروں کی جان چلی گئی تھی جبکہ تین اہلکار زخمی ہوئے تھے۔
سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے اور شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق حالیہ کامیاب سیکیورٹی آپریشنز کے بعد دہشت گرد عناصر کی جانب سے سول اور نرم اہداف کو نشانہ بنانے کے واقعات میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
واقعے کے بعد لکی مروت کے عوام میں شدید خوف و ہراس اور دہشت گردوں کے خلاف غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔

