نواب شاہ (رپورٹ: نفیس آرائیں)
کھڈھر کے آبادگاروں کی بڑی تعداد نے ون ٹی شاخ میں پانی کی عدم فراہمی کے خلاف نواب شاہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے مرکزی شاہراہ بلاک کر دی۔ احتجاج کی قیادت علی مردان زرداری اور دادن زرداری کر رہے تھے، جبکہ مظاہرین نے محکمہ آبپاشی اور متعلقہ حکام کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ ون ٹی شاخ میں طویل عرصے سے پانی کی عدم دستیابی کے باعث زرعی زمینیں بنجر ہوتی جا رہی ہیں، جبکہ تیار فصلیں سوکھ کر تباہی کے دہانے پر پہنچ چکی ہیں۔ آبادگاروں نے مؤقف اختیار کیا کہ پانی کی قلت نے کاشتکاروں کو شدید معاشی بحران سے دوچار کر دیا ہے اور ان کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے ہونے لگے ہیں۔
احتجاجی آبادگاروں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ ون ٹی شاخ میں فوری طور پر پانی کی منصفانہ فراہمی یقینی بنائی جائے، بصورتِ دیگر احتجاج کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے سخت لائحہ عمل اختیار کیا جائے گا۔

