لاہور :پاکستان تحریک انصاف کی معروف اور فعال رہنما صنم جاوید کے حوالے سے تشویشناک خبر سامنے آئی ہے۔ کوٹ لکھپت جیل میں قید صنم جاوید کی طبیعت اچانک ناساز ہونے پر انہیں انتہائی سخت سکیورٹی میں جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق صنم جاوید کو آنکھ اور معدے کی شدید تکلیف کی شکایت تھی، جس کے باعث جیل حکام نے انہیں فوری طبی امداد فراہم کرنے کے لیے اسپتال منتقل کرنے کا فیصلہ کیا۔ جناح اسپتال میں ڈاکٹروں کی ایک ٹیم ان کا طبی معائنہ کر رہی ہے اور مختلف ٹیسٹ تجویز کیے گئے ہیں۔
اسپتال منتقلی کے بعد صنم جاوید کے شوہر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ:
"صنم کی بیماری کی اصل نوعیت اور تفصیلات ہمیں نہیں بتائی جا رہیں، جس کی وجہ سے ہم سخت پریشان ہیں۔ حقائق کو چھپایا جا رہا ہے جو کہ لمحہ فکریہ ہے۔”
یاد رہے کہ صنم جاوید کو 9 مئی کے واقعات سے متعلق مقدمات میں 5 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی اور وہ کوٹ لکھپت جیل میں پابندِ سلاسل ہیں۔
جناح اسپتال کے باہر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور ڈاکٹروں کی رپورٹ آنے کے بعد ہی یہ واضح ہو سکے گا کہ آیا انہیں اسپتال میں داخل رکھا جائے گا یا واپس جیل منتقل کر دیا جائے گا۔
پی ٹی آئی رہنماصنم جاوید کی طبیعت جیل میں بگڑ گئی، ہنگامی طور پر اسپتال منتقل!

