لاہور:ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کنیرڈ کالج فار وومین یونیورسٹی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے فیکلٹی ممبران اور طالبات سے خصوصی ملاقات اور انٹریکٹو سیشن میں شرکت کی۔ ان کی آمد پر فیکلٹی اور طالبات نے گرم جوشی سے استقبال کیا۔
اس موقع پر ڈی جی آئی ایس پی آر نے پاک فوج کے پیشہ ورانہ فرائض، تعلقات عامہ کے کردار، سیکیورٹی چیلنجز اور سوشل میڈیا کے اثرات جیسے اہم موضوعات پر سیر حاصل گفتگو کی۔ سیشن میں طالبات نے مختلف سوالات کیے جن کے جوابات میں لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے واضح اور مدلل انداز میں رہنمائی فراہم کی۔
انہوں نے نوجوانوں کو ملک کے دفاع، قومی بیانیے کے فروغ اور مثبت سوشل میڈیا کردار اپنانے کی ترغیب دی۔ طالبات نے پاکستان آرمی کے شہداء اور غازیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا اور ملکی استحکام میں فوج کے کردار کو سراہا۔
سیشن کا ایک جذباتی لمحہ اس وقت آیا جب کنیرڈ کالج کی بصارت سے محروم ایک ہونہار طالبہ نے حب الوطنی پر مبنی نغمہ پیش کیا، جسے شرکاء نے بھرپور داد دی ۔فیکلٹی ممبران اور طالبات نے ڈی جی آئی ایس پی آر کی آمد کو ایک اعزاز قرار دیتے ہوئے اس سیشن کو معلوماتی، حوصلہ افزا اور ملکی شعور اجاگر کرنے والا قرار دیا۔
 
		
 
									 
					