کوئٹہ :بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ اور ضلع کیچ میں سیکیورٹی فورسز کی دو الگ الگ کارروائیوں میں فتنۃ الخوارج اور فتنۃ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 13 دہشت گرد ہلاک ہوگئے، ضلع خضدار سے سیکیورٹی فورسز نے 4 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔
پاک فوج کے ترجمان ادارے انٹرسروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) نے باضابطہ اعلامیہ جاری کر دیا، جس کے مطابق 30 ستمبر اور یکم اکتوبر کو بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی دو علیٰحدہ علیٰحدہ کارروائیوں کے دوران بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج اور فتنۃ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 13 دہشت گرد مارے گئے۔
کوئٹہ ضلع میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کیا گیا، آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر طور پر نشانہ بنایا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد بھارت کے حمایت یافتہ 10 خوارج ہلاک کر دیے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع کیچ میں بھی انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کیا گیا، جہاں دہشت گردوں کے ایک ٹھکانے کو نشانہ بنایا گیا اور بھارت کے حمایت یافتہ فتنۃ الہندوستان کے 3 دہشت گردوں کو کامیابی کے ساتھ ہلاک کر دیا گیا۔ہلاک شدہ خوارج اور دہشت گردوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور بارودی مواد بھی برآمد ہوا، یہ دہشت گرد ملک میں کئی تخریبی سرگرمیوں میں ملوث رہے تھے۔
دریں اثنا، انٹرسروسز پبلک ریلیشنز کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے آج ضلع خضدار میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر بھارتی پراکسی تنظیم ’فتنۃ الہندستان‘ کے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے 4 دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا، جو بزدلانہ طور پر خواتین کا لباس پہن کر فرار ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔
دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا، جبکہ گرفتار دہشت گرد علاقے میں متعدد تخریبی سرگرمیوں میں ملوث رہے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے تاکہ باقی دہشت گردوں کا بھی خاتمہ کیا جا سکے۔
پاک فوج کے ترجمان ادارے کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز بھارت کے حمایت یافتہ دہشت گردی کے ناسور کو ملک سے ختم کرنے کے لیے پُرعزم ہیں اور قوم کے اس غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتی ہیں کہ دہشت گردی کے مجرموں اور ان کے سہولت کاروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

