اسلام آباد اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ریختر سکیل پر زلزلے کی شدت 5.5 ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کا مرکز افغانستان کے کوہ ہندوکش ریجن میں تھا، جبکہ اس کی گہرائی 195 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔ گہرائی زیادہ ہونے کے باعث زلزلہ مختصر دورانیے کا تھا، مگر کئی علاقوں میں اس کے اثرات محسوس کئے گئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق زلزلے کے جھٹکے اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور، چترال، لوئر دیر، سوات، مالاکنڈ ڈویژن، رستم، چارسدہ، شبقدر اور تنگی میں بھی محسوس کئے گئے۔
شہری خوف کے باعث گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے۔ اب تک کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
ماہرین کے مطابق کوہ ہندوکش ریجن زلزلہ خیز علاقہ ہے، جہاں اس نوعیت کے جھٹکے معمول کا حصہ سمجھے جاتے ہیں، تاہم عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی۔
 
		
 
									 
					