لاہور: مہنگائی نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے، روزمرہ استعمال کی بنیادی اشیائے خوردونوش خاص طور پر گھی اور آئل کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں۔
بازاروں میں درجہ اول کا گھی 560 روپے فی کلوگرام اور درجہ دوم کا گھی 530 روپے فی کلوگرام میں فروخت ہو رہا ہے۔ اسی طرح درجہ اول کوکنگ آئل 575 سے 580 روپے فی لیٹر جبکہ درجہ دوم آئل 560 روپے فی لیٹر تک پہنچ چکا ہے۔
دکانداروں کا کہنا ہے کہ کمپنیوں نے ریٹس بڑھا دیے ہیں جس کی وجہ سے انہیں بھی مجبوری میں قیمتیں بڑھانا پڑ رہی ہیں جبکہ شہریوں کا شکوہ ہے کہ انتظامیہ قیمتوں کو کنٹرول کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔
مہنگائی کی اس لہر کے باعث متوسط اور کم آمدنی والے طبقے کو اپنے گھریلو بجٹ میں توازن رکھنا مشکل ہو گیا ہے۔ شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ مہنگائی پر فوری قابو پایا جائے اور اشیائے خورونوش کی قیمتیں کم کی جائیں تاکہ عام آدمی کو ریلیف مل سکے۔

