لاہور:پنجاب پولیس کے اہلکاروں کی انڈونیشیا میں سیکیورٹی وٹریننگ پر مذاکرات۔۔۔پاکستان میں انڈونیشیا کے سفیر لیفٹیننٹ جنرل (ر) چندرا وارسی نانتو سکوتجو (Chandra Warsenanto Sukotjo) کی سنٹرل پولیس آفس آمد، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے ملاقات میں باہمی دو طرفہ تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔
رپورٹ کے مطابق آئی جی آفس کا دورہ کرنے والے انڈونیشن وفد میں پاکستان میں انڈونیشیا کے ڈیفنس اتاشی کرنل ہنرو ہدایت سوسانتو، فرسٹ سیکرٹری محمد سفیان سر، سیکنڈ سیکرٹری ریکا گارتکا، پروٹوکول افسر بونار و دیگر افراد شامل تھے۔
دوران ملاقات پنجاب پولیس اور انڈونیشیا کے مابین سکیورٹی و ٹریننگ امور میں دو طرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے بارے تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ انڈونیشی وفد کو پنجاب پولیس کی ٹیکنالوجی اینڈ آرٹیفیشل انٹیلیجنس بیسڈ اصلاحات، سی ٹی ڈی، کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ، ویلفیئر اقدامات بارے بریفنگ دی گئی ۔
اسی طرح وفد کو سیف سٹیز، ورچوئل وویمن پولیس سٹیشنز، چائلڈ سنٹر، خدمت و تحفظ مراکز، میثاق سنٹرز، تحفظ درسگاہ، فوسٹر ہوم اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔ملاقات میں سکیورٹی اینڈ سیفٹی کےحوالے سے ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرنے کے بارے میں اتفاق رائے کیا گیا۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا تھا کہ انڈونیشیا کی تیز رفتار ترقی، اسلامی دنیا اور خطے میں قائدانہ کردار کے معترف ہیں۔ جبکہ انڈونیشیا کے سفیر نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پنجاب پولیس کے شاندار کردار، کمیونٹی پولیسنگ اور عوامی خدمت کے شعبوں میں تیزی رفتار ترقی کو سراہا۔
سفیر انڈونیشیا لیفٹیننٹ جنرل (ر) چندرا وارسی نانتو سکوتجو کا کہنا تھا کہ پنجاب پولیس اور انڈونیشیا پولیس ٹریننگ اور استعداد کار میں اضافے کیلئے وفود کا باہم تبادلہ کریں گے۔
آئی جی پنجاب نے وفد کو سنٹرل پولیس ڈیش بورڈ، ہیومن ریسورس، پولیس سٹیشن ریکارڈ مینجمنٹ سسٹم سمیت کمیونٹی پولیسنگ پروگرامز سے آگاہ کیا دریں اثنا آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور اور انڈونیشیا کے سفیر کے درمیان سووینئرز کا تبادلہ کیا گیا جبکہ انڈونیشیا کے وفد کو شہدا و غازی والز، پولیس میوزیم سمیت سی پی او کے مختلف شعبوں کا دورہ کروایا گیا۔
اس موقع پرایڈیشنل آئی جی پنجاب سلطان احمد چودھری، اے آئی جی ڈسپلن عمارہ اطہر بھی موجود تھیں۔

