نیویارک: امریکی پاپ گلوکارہ آریانا گرانڈے نے ایم ٹی وی ویڈیو میوزک ایوارڈز کا سب سے بڑا اعزاز اپنے نام کر لیا، جب کہ لیڈی گاگا اور سبرینا کارپینٹر نے بھی نمایاں کامیابیاں حاصل کیں۔
ایم ٹی وی ویڈیو میوزک ایوارڈز کی تقریب نیویارک میں منعقد ہوئی، جہاں موسیقی کے مداحوں کے پسندیدہ فنکاروں کو اعزازات سے نوازا گیا۔
آریانا گرانڈے کو ان کی ویڈیو ’برائیٹر ڈیز آہیڈ‘ کے لیے سال کی بہترین ویڈیو کا ایوارڈ دیا گیا، یہ ایوارڈ مداحوں کے ووٹوں سے دیا گیا تھا۔
اس ایوارڈ سے قبل آریانا گرانڈے نے اسی میوزک ویڈیو کے لیے بہترین پاپ ایوارڈ بھی حاصل کیا۔
ایم ٹی وی ویڈیو میوزک ایوارڈز کی تقریب کے آغاز پر لیڈی گاگا کو ’سال کی بہترین فنکارہ‘ قرار دیا گیا، جہاں انہوں نے ٹیلر سوئفٹ اور بیونسے جیسی بڑے فنکاروں کو پیچھے چھوڑ دیا۔
لیڈی گاگا نے اس موقع پر کہا کہ ایک فنکار ہونا ان کے لیے ویسے ہی بہت بڑا اعزاز ہے، اس ایوارڈ کو حاصل کرنے کی خوشی کو وہ بیان نہیں کرسکتیں۔انہوں نے برونو مارس کے ساتھ اپنے گانے ’ڈائی وِد آ اسمائل‘ کے لیے بہترین تعاون کا ایوارڈ بھی حاصل کیا۔
امریکی پاپ گلوکارہ سبرینا کارپینٹر کو ان کے البم ’شارٹ این سوئٹ‘ کے لیے بہترین البم کا ایوارڈ ملا۔برونو مارس اور جنوبی کورین گلوکارہ روزِ کے گانے ’آپٹ‘ کو سال کے بہترین گانے کا ایوارڈ دیا گیا۔کورین گلوکارہ لیزا کو ان کے گانے ’بارن آگین‘ کے لیے بہترین کورین گانے کا ایوارڈ دیا گیا۔
تقریب میں ماریا کیری کو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ دیا گیا، انہوں نے میوزک ویڈیوز بنانے کے تجربات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ویڈیوز چھوٹی فلموں کی طرح ہوتی ہیں جو ایک تصور کو حقیقت میں دکھاتی ہیں۔

