لاہور:عدالت نے جوا ایپیس پروموشن کیس میں یوٹیوبر ڈکی بھائی کے بینک اکاؤنٹس بحال کردیئے۔یوٹیوب چینل تک رسائی کی مشروط اجازت بھی مل گئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ضلع کچہری لاہور کے جوڈیشل مجسٹریٹ نے جوئے کی ایپیس کی پروموشن سے متعلق مقدمے میں معروف یوٹیوبر سعد الرحمان عرف ڈکی بھائی کے فریز کیے جانے والے بینک اکاؤنٹس بحال کرنے کا حکم دے دیا، اس کے علاوہ عدالت نے انہیں یوٹیوب پر ویڈیوز اپ لوڈ کرنے کی مشروط اجازت بھی دے دی۔
بتایا گیا ہے کہ اس حوالے سے کیس کی سماعت جوڈیشل مجسٹریٹ نعیم وٹو نے کی جہاں ملزم سعد الرحمان اپنی اہلیہ عروب جتوئی اور وکلاء بیرسٹر امرت شیخ و عثمان لطیف ایڈووکیٹ کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے، دوران سماعت عدالت نے ڈکی بھائی کے منجمد بینک اکاؤنٹس بحال کرتے ہوئے انہیں یوٹیوب چینل پر ویڈیوز اپ لوڈ کرنے کی اجازت دی، تاہم شرط عائد کی کہ عدالت میں زیرِ التوا کیس سے متعلق چینل پر کوئی گفتگو نہیں کی جائے گی۔
دوران سماعت عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ’ملزم کے یوٹیوب چینل پر موجود 27 ویڈیوز پر این سی سی آئی اے کو اعتراض ہے تاہم ان ویڈیوز کو حذف نہیں کیا جائے گا‘، عدالت نے آئندہ سماعت پر این سی سی آئی اے کے گواہوں کو طلب کرتے ہوئے کارروائی 11 مارچ تک ملتوی کردی جب کہ عدالتی کارروائی مکمل ہونے کے بعد احاطہ عدالت میں وکلاء کی جانب سے 10 ملین فالوورز مکمل ہونے پر ڈکی بھائی کو شیلڈ بھی پیش کی گئی۔
جوا ایپس پروموشن کیس، ڈکی بھائی کے بنک اکاؤنٹس بحال،یوٹیوب چینل بھی کھل گیا

