بنکاک:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے اعزاز میں تھائی لینڈ کے سابق وزیراعظم تھکسان شینا وترا نے خصوصی عشائیہ دیا، جس میں سابق وزیر اعظم پائیتونگترن شینا وترا سمیت اہم شخصیات نے شرکت کی۔
تھکسان شینا وترا اور ان کی صاحبزادی نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا گرمجوشی سے استقبال کیا اور پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ دونوں سابق وزرائے اعظم نے مریم نواز شریف کے پنجاب کی ترقی کے لیے کیے جانے والے کاموں کی تعریف کی۔
تھکسان شینا وترا نے کہا کہ مریم نواز اور ان کے والد کی عوام کے لیے جدوجہد واقعی قابل ستائش ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے بھی تھکسان شینا وترا اور ان کی صاحبزادی کی تھائی لینڈ اور اس کے عوام کی ترقی کے لیے کوششوں کو سراہا اور کہا کہ ان کی اصلاحات نے تھائی لینڈ میں عوام کی بہتری کے لیے اہم کام کیے ہیں۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان اور تھائی لینڈ کے تعلقات بہت اچھے ہیں جو باہمی احترام اور تجارت پر مبنی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں جدت اور عوام کی خدمت کو ترجیح دی جا رہی ہے اور تھائی لینڈ کی مدد سے ترقی کی رفتار مزید تیز کی جا سکتی ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وہ ٹیکسٹائل، زراعت، سیاحت اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تھائی لینڈ کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانا چاہتی ہیں۔ انہوں نے تھائی لینڈ کی کاروباری برادری کو پنجاب میں سرمایہ کاری اور یہاں کی منڈیوں تک آسان رسائی کا موقع دینے کی دعوت دی۔
مزید کہا گیا کہ ثقافت، تعلیم اور سیاحت کے ذریعے دونوں ممالک کے لوگ مزید قریب آ سکتے ہیں۔ مریم نواز نے تھائی لینڈ کی اصلاحات کو قابل تقلید قرار دیا اور کہا کہ نوجوانوں کو ڈیجیٹل مہارتیں سکھا کر بہتر مستقبل بنایا جا رہا ہے۔
آخر میں وزیراعلیٰ نے تھکسان شینا وترا اور ان کی صاحبزادی کا شکریہ ادا کیا اور انہیں پنجاب کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔

