لاہور: پنجاب واٹر اینڈ سینیٹیشن اتھارٹی (واسا) نے نادہندہ صارفین کے خلاف سخت کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ واسا کی جانب سے جاری کردہ ایک سرکاری نوٹس کے مطابق، جن صارفین نے پانی یا سیوریج کے واجبات ادا نہیں کیے، انہیں تین روز کے اندر اندر بقایاجات جمع کروانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
نوٹس میں واضح کیا گیا ہے کہ عدم ادائیگی کی صورت میں صارفین کے پانی اور سیوریج کے کنکشن بغیر کسی اطلاع کے منقطع کر دیے جائیں گے، جبکہ متعلقہ پولیس اسٹیشن میں سیکشن 27، پنجاب واٹر اینڈ سینیٹیشن اتھارٹی ایکٹ 2025 کے تحت FIR بھی درج کروائی جائے گی۔
قانون کے مطابق، واجبات کی عدم ادائیگی پر پانچ لاکھ روپے جرمانہ اور ایک سال تک قید کی سزا بھی دی جا سکتی ہے۔
ڈپٹی ڈائریکٹر ریونیو کی جانب سے شہریوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ مقررہ وقت میں اپنے واجبات ادا کر کے ادائیگی کی رسید دفتر میں جمع کروائیں تاکہ کسی بھی قانونی کارروائی سے بچا جا سکے۔

