انڈونیشیا کے خوبصورت جزیرے بالی میں واقع ساحل نوسا پینیڈا پر ایک غیر معمولی منظر دیکھنے کو ملا، جب معروف اسلامی اسکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک نے اپنی فطری سنجیدگی سے ہٹ کر کچھ ایسا کیا جس نے مداحوں کو حیران کر دیا۔
59 سالہ اسکالر نے مشہور سیاحتی مقام ٹرٹل بیچ پر مکمل حفاظتی انتظامات کے ساتھ 430 فٹ بلند مقام سے بنجی جمپ لگائی۔ ان کی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جس میں انہیں ہوا میں معلق اور کیمرے کے ذریعے لمحے کو قید کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
ڈاکٹر ذاکر نائیک کو عموماً دین، مناظرے اور تقابلِ ادیان کے حوالے سے جانا جاتا ہے، تاہم ان کا یہ پر اعتماد کرتب ان کی شخصیت کا ایک نیا، جرات مندانہ پہلو سامنے لاتا ہے۔
مداحوں کی بڑی تعداد نے اس ویڈیو کو سراہتے ہوئے لکھا کہ یہ نہ صرف بہادری کا مظاہرہ ہے بلکہ یہ پیغام بھی دیتا ہے کہ دین اور مہم جوئی ایک دوسرے کی ضد نہیں۔

