لندن: انگلینڈ اور برطانیہ میچ کے آخری دن ایک اور تنازعہ کھیل کے آغاز سے قبل بھی سامنے آیا جب سٹیڈیم میں موجود ایک پاکستانی کرکٹ مداح کو اپنی قمیض ڈھانپنے کے لیے کہا گیا کیونکہ وہ پاکستان کی قومی ٹیم کی کٹ پہنے ہوئے تھا۔
فاروق نذر نامی اس مداح نے اس گفتگو کو ریکارڈ کیا اور اسے سوشل میڈیا پر شائع بھی کیا۔
ویڈیو میں فاروق کو میچ سے قبل ایک سٹینڈ میں بیٹھے دیکھا جا سکتا ہے جہاں وہ یہ بتاتے ہیں کہ اس سٹینڈ میں وہ واحد پاکستانی ہیں اور ماحول سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔
اسی اثنا میں گراؤنڈ سٹاف کا ایک رکن ان کے قریب آ کر انھیں اپنی قمیض کو جیکٹ سے ڈھانپنے کو کہتا ہے تو فاروق ایسا کرنے سے انکار کرتے ہوئے ان سے یہ ہدایت تحریری طور پر طلب کرتے دکھائی دیتے ہیں۔
بعدازاں ویڈیو میں پولیس اہلکاروں کو بھی دیکھا جا سکتا ہے جو فاروق کو سٹینڈ سے باہر چل کر بات کرنے کو کہتے ہیں اور کچھ بحث کے بعد فاروق اس بات پر رضامند ہو جاتے ہیں۔
اس دوران فاروق کو یہ بھی کہتے سنا جا سکتا ہے کہ ان کے پاس میچ کا ٹکٹ ہے اور سٹینڈ میں موجود کسی انڈین مداح نے ان کے بارے میں شکایت نہیں کی ہے تو انھیں قمیض ڈھانپنے کو کیوں کہا جا رہا ہے۔
پولیس اہلکاروں سے بات چیت کے بعد فاروق نے اپنی قمیض ڈھانپنے کی بجائے سٹیڈیم میں واپس نہ جانے کا فیصلہ کیا۔ ویڈیو میں وہ یہ بتاتے ہیں کہ ‘انھوں نے مسلسل مجھ سے میری شرٹ جیکٹ سے ڈھانپنے کو کہا، لیکن میں نے ایسا نہ کرنے اور میدان سے جانے کا فیصلہ کیا. اب بھی میں نے پاکستانی شرٹ پہنی ہوئی ہے۔’
خیال رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے ضوابط میں ایسے تماشائیوں کو کہ جن کا ملک اس میچ میں شریک نہ ہو اپنے ملک کا نمائندہ لباس پہننے سے روکنے کا کوئی قانون موجود نہیں ہے۔

