ممبئی :بھارتی اداکارہ کنگنا رناوت پھر ایک متنازع سیاسی بیان دے کرپھنس گئی ہیں اور اس دفعہ وہ پنجاب حکومت۔ عام آدمی پارٹی اور کانگرس کا مشترکہ ہدف ہیں۔
یادرہے کنگنا رناوت نے جمعے کو لوک سبھا کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا تھاکہ ہماچل ریاست میں منشیات کے پھیلاؤکی وجہ پاکستان سے پنجاب کے راستے منشیات کی سمگلنگ ہے۔
کانگریس کے ایم ایل اے پرگت سنگھ اوربھارتی پنجاب کے وزیر خزانہ ہرپال سنگھ چیمہ نے مطالبہ کیا ہے کہ بھارتی اداکارہ اور سیاستدان کنگنا رناوٹ اپنے اندر ہمت پیداکریں اوربھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اور گجرات حکومت سے منشیات کے مسئلے پر سوال کریں۔
کنگنا رناوٹ کا کہنا تھا کہ ہماچل میں منشیات کے پھیلاؤ کا نوٹس نہ لیا گیا تو یہاں بھی صورتحال پنجاب کے بہت سے گاؤں جیسی ہو جائے گی جہاں صرف بیوائیں اور خواتین رہتی ہیں۔
یاد رہے کنگنا رناوت اس سے قبل بھی بہت سارے تنازعات کی زد میں رہ چکی ہیں جب انہوں نے دلجیت دوسانجھ کو ذاتی ایجنڈے کو فروغ دینے کا الزام لگایا جب انہوں نے ہانیہ عامر کو اپنی فلم ‘سردار جی 3’ میں کاسٹ کیا۔ کنگنا نے کہا کہ قوم سب سے پہلے ہونی چاہیے اور ملک کے لیے جذبہ رکھنا چاہیے۔ انہوں نے دلجیت پر بالواسطہ غداری کا الزام لگایا اور کہا کہ جب پوری قوم ایک راہ پر چل رہی ہے تو دلجیت کیوں اپنی راہ اپنا رہا ہے۔
جون 2024 میں کنگنا رناوت نے پاکستان اور پاکستانی عوام کے خلاف نامناسب اور تنقیدی زبان استعمال کی، جس پر پاکستان کی سماجی شخصیات کی جانب سے شدید ردعمل آیا۔ اداکارہ مشی خان نے کنگنا کو ‘چھپکلی’ قرار دیتے ہوئے ان کے بیان کی مخالفت کی۔
جون 2024 میں انہیں چندی گڑھ ایئرپورٹ پر ایک خاتون کانسٹیبل نے تھپڑ دے مارا ۔ کانسٹیبل نے مبینہ طور پر کہا کہ یہ تھپڑ کسانوں کے احتجاج پر ان کے تبصروں کا نتیجہ تھا۔
نومبر 2021 میں، جب مودی حکومت نے متنازع زرعی قوانین واپس لیے، تو کنگنا نے اس پر مایوسی کا اظہار کیا اور اسے "افسوسناک، شرمناک اور ناانصافی پر مبنی” قرار دیا۔
دسمبر 2024 میں کنگنا نے ایک متنازع بیان دیا کہ شادی کی ناکامی کے 99 فیصد کیسز میں مرد غلطی پر ہوتے ہیں۔ یہ بیان بنگلورو میں ایک شہری کی خودکشی کے تناظر میں آیا جس نے اپنی بیوی اور خاندان کو اپنی خودکشی کا ذمہ دار ٹھہرایا تھا۔
نومبر 2021 میں کنگنا نے یہ کہہ کر تنازع کھڑا کر دیا کہ ہندوستان نے 1947 میں "بھیک” (خیرات) میں آزادی حاصل کی تھی، اور اصل آزادی 2014 میں آئی جب نریندر مودی کی قیادت میں حکومت بنی۔
پاکستان سے منشیات اسمگلنگ کا الزام، کنگنا رناوت پھنس گئیں

