سیالکوٹ (بیورو رپورٹ: سلیم احمد اعوان شیخو)

ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد اویس مشتاق نے دانش سکول سینٹر آف ایکسیلینس فار بوائز کے سالانہ سپورٹس فیسٹیول میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ رکنِ صوبائی اسمبلی پنجاب چوہدری فیصل اکرام بھی اس موقع پر ان کے ہمراہ موجود تھے۔
تقریب کے دوران ڈپٹی کمشنر محمد اویس مشتاق نے مختلف ٹیموں کے شاندار مارچ پاسٹ کا معائنہ کیا اور کھیلوں کے مختلف مقابلوں میں نمایاں پوزیشنیں حاصل کرنے والے طلبہ میں انعامات تقسیم کیے۔ انہوں نے اس کامیاب اور پرکشش سپورٹس فیسٹیول کے انعقاد پر پرنسپل شہباز حسن اور ان کی پوری ٹیم کی کاوشوں کو خوب سراہا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ کھیل طلبہ میں نظم و ضبط، خود اعتمادی، ٹیم ورک اور قائدانہ صلاحیتوں کو فروغ دینے کا ایک اہم ذریعہ ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ دانش سکول کا یہ سپورٹس فیسٹیول طلبہ کی مخفی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور تعلیمی اداروں میں صحت مند سرگرمیوں کے فروغ کی ایک بہترین مثال ہے۔


