روسی سائنس دانوں نے طبی تحقیق کے شعبے میں اہم کامیابی حاصل کرتے ہوئے درختوں کے پولن سے ہونے والی مخصوص الرجی اور اس سے وابستہ غذائی الرجی کے خلاف دنیا کی پہلی جینیاتی انجینئرنگ پر مبنی ریکومبیننٹ ویکسین تیار کر لی ہے، جس کی روسی وزارتِ صحت نے عارضی رجسٹریشن کی منظوری دے دی ہے، جبکہ مریضوں پر اس کا استعمال بھی شروع کر دیا گیا ہے۔
’الرجارڈا‘ (Allergarda) نامی یہ ویکسین روس کے وفاقی طبی و حیاتیاتی ادارے (ایف ایم بی اے – FMBA) کے قومی طبی تحقیقی مرکز برائے الرجی و امیونولوجی نے تیار کی ہے، جس کی تیاری میں آسٹریا کی ویانا میڈیکل یونیورسٹی کے ماہرین نے بھی تعاون کیا۔ روسی وزارتِ صحت نے 30 ستمبر 2026 کو نئی ویکسین کی رجسٹریشن کا اعلان کیا تھا، جبکہ 9 نومبر کو روس کی نائب وزیراعظم تاتیانا گولیکووا نے کرچاتوف انسٹی ٹیوٹ میں منعقدہ بین الاقوامی فورم سے خطاب کرتے ہوئے ویکسین کا استعمال شروع ہونے کی تصدیق کی۔
روسی وزارتِ صحت کے مطابق نئی ویکسین خصوصی طور پر برچ نامی درخت کے زرگل یعنی پولن سے ہونے والی الرجی کی روک تھام اور علاج کے لیے تیار کی گئی ہے، جس سے مریضوں کو مسلسل چھینکیں، ناک بہنے، ناک بند ہونے، آنکھوں میں خارش، سرخی اور پانی آنے جیسی علامات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اس ویکسین کو برچ کے پولن سے وابستہ غذائی الرجی کے علاج کے لیے بھی استعمال کیا جا سکے گا، جس میں بعض مریضوں کو سیب، ناشپاتی، آڑو، چیری، آلو بخارے، مونگ پھلی اور سویابین کے استعمال سے الرجی ہوتی ہے۔
ایف ایم بی اے کی سربراہ ویرونیکا اسکوورتسووا کے مطابق ویکسین کے طبی تجربات کے دوران 2025 میں برچ کے پولن کی مقدار معمول سے کئی گنا زیادہ ہونے کے باوجود حوصلہ افزا نتائج سامنے آئے، جن میں ویکسین لینے والے 25 فیصد مریضوں میں الرجی کی علامات ظاہر نہیں ہوئیں جبکہ دیگر میں علامات کی شدت میں چھ گنا تک کمی دیکھی گئی۔ 2026 کے تجربات میں علامات میں سات گنا تک کمی ریکارڈ کی گئی اور تمام متعلقہ مریضوں میں حفاظتی اینٹی باڈیز کی سطح میں نمایاں اضافہ ہوا۔ بین الاقوامی طبی جریدے ’الرجی‘ میں شائع ہونے والے پہلے اور دوسرے مرحلے کے نتائج کے مطابق ویکسین حاصل کرنے والے مریضوں میں علامات اور ادویات کی ضرورت کے مشترکہ پیمانے میں پلیسبو گروپ کے مقابلے میں 24.13 فیصد کمی آئی، جبکہ زیادہ مؤثر خوراک لینے والوں میں بنیادی الرجی پیدا کرنے والے پروٹین کے خلاف حفاظتی اینٹی باڈیز کی درمیانی سطح میں 20 گنا اضافہ دیکھا گیا۔
ماہرین کے مطابق ویکسین کی تیاری میں جدید جینیاتی انجینئرنگ ٹیکنالوجی کے تحت مکمل قدرتی الرجی پیدا کرنے والے مادے کے بجائے مخصوص پروٹین کے منتخب حصے استعمال کیے گئے ہیں تاکہ غیر ضروری مدافعتی ردعمل کو کم کیا جا سکے اور علاج کے دورانیے و انجیکشنز کی تعداد میں کمی لائی جا سکے۔ ’الرجارڈا‘ کے کورس میں چار ہفتوں کے وقفے سے صرف پانچ انجیکشنز شامل ہیں، جو روایتی امیونوتھراپی کے بعض طریقوں کے مقابلے میں کم ہیں جہاں 30 تک انجیکشنز درکار ہو سکتے ہیں، اور اس کورس کو پولن کا موسم شروع ہونے سے قبل مکمل کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔
ویرونیکا اسکوورتسووا کے مطابق 2027 میں پولن کا موسم شروع ہونے سے قبل 60 ہزار تک مریضوں کو ویکسین فراہم کرنے کا منصوبہ ہے، جبکہ صنعتی پیداوار روس میں شروع کر دی گئی ہے جس میں نانولیک تیاری اور جینیریم معیار کی نگرانی کر رہی ہے۔ ایف ایم بی اے نے 12 نومبر کو واضح کیا کہ فی الحال یہ ویکسین صرف 18 سال سے زائد عمر کے ان مریضوں کے لیے ہے جن میں برچ پولن الرجی کی تشخیص ہو چکی ہو، اور بعض مریضوں میں شدید الرجک ردعمل بھی دیکھے جانے کے باعث اسے ماہر ڈاکٹر کی تجویز اور طبی نگرانی میں ہی لگایا جائے گا۔ ادھر قومی مرکز کے ڈپٹی ڈائریکٹر پروفیسر والیری سمرنوف کے مطابق اسی ٹیکنالوجی کے تحت ایمبروسیا پودے کے پولن سے ہونے والی الرجی کے خلاف بھی ویکسین پر کام جاری ہے جس کے جانوروں پر ابتدائی تجربات 2027 میں شروع ہونے کا امکان ہے۔
طبی دنیا میں بڑا انقلاب؛ پولن اور غذائی الرجی کے خلاف دنیا کی پہلی ریکومبیننٹ ویکسین ’الرجارڈا‘ کا استعمال شروع ، 30 کے بجائے صرف 5 انجیکشنز کا کورس


