اسلام آباد: پاکستان میں درآمدی اور مقامی سطح پر تیار کردہ اسمارٹ فونز کے درمیان ٹیکسوں کا فرق کم ہونے کے باعث ملک میں پرانے اور استعمال شدہ (Used) اسمارٹ فونز کی درآمدات میں غیر معمولی اور ہوشربا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس نے مقامی موبائل اسمبلنگ انڈسٹری کو شدید بحران سے دوچار کر دیا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق جولائی میں استعمال شدہ اسمارٹ فونز کی درآمد محض 1,434 یونٹس تھی جو اکتوبر میں 6,760 فیصد کے حیران کن اضافے کے ساتھ 98,383 یونٹس تک جا پہنچی ہے۔
مجموعی اسمارٹ فون درآمدات کے اعداد و شمار بھی اسی تشویشناک رجحان کی عکاسی کرتے ہیں، جہاں جولائی میں 17.8 ملین ڈالر مالیت کے 18,431 یونٹس درآمد کیے گئے تھے، جبکہ اکتوبر میں یہ تعداد 715 فیصد اضافے کے ساتھ 150,133 یونٹس تک پہنچ گئی، جن میں صرف 71.7 ملین ڈالر مالیت کے 51,750 نئے اسمارٹ فونز بھی شامل ہیں۔
درآمدات کے اس سیلاب نے مقامی مینوفیکچرنگ کو براہِ راست متاثر کیا ہے اور ملک میں اسمارٹ فونز کی مقامی پیداوار جولائی کے 906,711 یونٹس سے کم ہو کر اکتوبر میں 752,870 یونٹس رہ گئی ہے، جو کہ 17 فیصد واضح کمی ہے۔
پاکستان موبائل فون مینو فیکچررز ایسوسی ایشن (PMPMA) نے وزارتِ صنعت و پیداوار اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو (FBR) کو باضابطہ طور پر اس سنگین صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ درآمدی یلغار مقامی انڈسٹری کو مارکیٹ سے باہر کر رہی ہے۔
ایسوسی ایشن کے چیئرمین عبدالرحمان کے مطابق تیار شدہ (CBU) فونز کی درآمد میں اضافے کی بنیادی وجہ درآمدی اور مقامی اسمبل شدہ فونز پر ٹیرف کے فرق کا کم ہونا اور ایف بی آر ٹیکسوں میں کمی ہے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ
100 ڈالر مالیت کے فون پر درآمدی اور مقامی کٹس (CKD) کے ٹیکسوں کا فرق کم ہو کر محض 11 فیصد اور 200 ڈالر کے فون پر 14 فیصد رہ گیا ہے، جبکہ یہی قیمتیں پاکستانی مارکیٹ کی فروخت کا بڑا حصہ ہیں۔
بڑے درآمد کنندگان مبینہ طور پر انڈر انوائسنگ (Under-invoicing) کا سہارا لے رہے ہیں، جبکہ پی ٹی اے (PTA) کے نظام ’ڈربس‘ (DIRBS) کے تحت ایف بی آر کی ویلیوایشن کم ہونے سے درآمدی فونز کی رجسٹریشن سستی ہو گئی ہے۔
ایسوسی ایشن کے مطابق درآمدی فونز نے محض چند ماہ کے اندر پاکستانی اسمارٹ فون مارکیٹ کے 41.8 فیصد حصے پر قبضہ جما لیا ہے۔ اس معاملے پر مشاورت کے لیے پی ایم پی ایم اے کا وفد آئندہ چند روز میں اسلام آباد میں اعلیٰ حکومتی حکام سے ملاقات کرے گا۔
موبائل مینو فیکچررز ایسوسی ایشن نے ٹیکس کے ڈھانچے میں پائے جانے والے تضاد (Reverse Cascading) پر بھی شدید تشویش کا اظہار کیا ہے، جس کے باعث ملک میں چارجرز، بیٹریاں، کیبلز اور مدر بورڈ اسمبلی جیسے پرزہ جات تیار کرنا انتہائی مشکل ہو گیا ہے۔
ایسوسی ایشن نے مثال دیتے ہوئے واضح کیا کہ اگر چارجر کو سی کے ڈی (CKD) کٹ کے حصے کے طور پر درآمد کیا جائے تو وہ ڈیوٹی فری ہے، لیکن اگر مقامی سطح پر چارجر تیار کرنے کے لیے خام مال اور پرزہ جات درآمد کیے جائیں تو ان پر مجموعی طور پر تقریباً 20 فیصد ڈیوٹی عائد ہو جاتی ہے، جو مقامی پیداوار کی حوصلہ شکنی کر رہی ہے۔
پاکستان میں استعمال شدہ اسمارٹ فونز کی درآمدات میں 6,760 فیصد ہوشربا اضافہ؛ مقامی موبائل انڈسٹری کی بقاء خطرے میں


