بھریا سٹی(رپورٹ: مجاہد علی مغل/)

نوشہرو فیروز کے وارڈ نمبر 2 قاضی محلہ کی رہائشی ایک بیوہ خاتون مسماۃ شاہدان دختر دین محمد قاضی نے پاکستان پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محکمہ ریونیو کے تپیدار مجید گوراھو پر مبینہ طور پر رشوت طلب کرنے اور جائیداد کے کاغذات روکنے کا سنگین الزام عائد کیا ہے۔بیوہ خاتون نے موقف اختیار کیا کہ انہوں نے اپنے دادا کی وراثتی جائیداد میں سے اپنا شرعی و قانونی حصہ سید زاہد شاہ نامی شہری کو فروخت کیا ہے۔ ان کے مطابق زمین کے انتقال اور کاغذات کی تیاری کے لیے تپیدار مجید گوراھو کو تمام دستاویزات فراہم کرنے کے ساتھ مبینہ طور پر 50 ہزار روپے بھی ادا کیے جا چکے ہیں، تاہم اب تپیدار کی جانب سے مزید ایک لاکھ روپے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے اور رقم نہ دینے پر کاغذات تیار نہیں کیے جا رہے۔
متاثرہ خاتون کا مزید کہنا تھا کہ دیہہ نوشہرو فیروز کے سروے نمبر 505 اور 183 جبکہ دیہہ سرحل کے سروے نمبر 547 میں ان کی ملکیتی جائیداد کا حصہ موجود ہے، جس پر ریاض میمن اور جہانگیر قاضی کی جانب سے بھی بلاجواز اختلاف اور رکاوٹیں پیدا کی جا رہی ہیں۔
مسماۃ شاہدان نے ڈپٹی کمشنر نوشہرو فیروز اور محکمہ ریونیو کے اعلیٰ حکام سے پرزور اپیل کی ہے کہ اس معاملے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے شفاف تحقیقات کروائی جائیں اور انہیں ان کی زمین کا قانونی ریکارڈ (فرد) فراہم کیا جائے، تاکہ وہ فروخت شدہ حصہ خریدار کے حوالے کر کے اپنی بقایا رقم حاصل کر سکیں۔


