سیالکوٹ (بیورو رپورٹ: سلیم احمد اعوان شیخو)

تھانہ سبز پیر کے علاقہ جنڈیالہ سیال جٹاں میں مبینہ عطائی ڈاکٹر کے غلط انجکشن لگنے سے ایک خاتون جاں بحق ہو گئی۔ پولیس نے شوہر کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا جنڈیالہ سیال جٹاں کی رہائشی فزا بی بی کو خارش اور الرجی کی تکلیف لاحق تھی، جس کے علاج کے لیے وہ علاقے میں کلینک چلانے والے عدیل احمد نامی شخص کے پاس گئی۔ متوفیہ کے شوہر کے بیان کے مطابق عدیل احمد نے فزا بی بی کو ایک انجکشن لگایا، جس کے فوری بعد خاتون کو خون کی قے (الٹی) آئی، ان کی حالت تیزی سے بگڑ گئی اور وہ موقع پر ہی دم توڑ گئیں۔ابتدائی معلومات کے مطابق کلینک چلانے والا عدیل احمد کوئی مستند یا کوالیفائیڈ ڈاکٹر نہیں ہے۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر تھانہ سبز پیر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے متوفیہ کے شوہر کی درخواست پر مقدمہ درج کر لیا ہے اور ملزم عدیل احمد کو گرفتار کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔


