نیویارک (ویب ڈیسک)
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی تیسری کمیٹی (انسانی حقوق اور سماجی امور) نے دنیا بھر میں سزائے موت پر عملدرآمد روکنے (موریٹوریم) سے متعلق قرارداد بھاری اکثریت سے منظور کر لی ہے، تاہم ہندوستان اور امریکہ سمیت 33 ممالک نے اس قرارداد کی مخالفت میں ووٹ دیا۔
میکسیکو کی جانب سے پیش کی گئی اس قرارداد کے حق میں 133 ممالک نے ووٹ دیا، 33 ممالک نے مخالفت کی جبکہ 16 ممالک رائے شماری کے عمل سے غیر حاضر رہے۔ قرارداد میں تمام رکن ممالک سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ سزائے موت کے مکمل خاتمے کی جانب بڑھتے ہوئے فوری طور پر پھانسیوں پر عملدرآمد روک دیں، اور جن ممالک نے یہ سزا ختم کر دی ہے وہ اسے دوبارہ نافذ نہ کریں۔
رائے شماری کے بعد وضاحتی بیان دیتے ہوئے اقوام متحدہ میں ہندوستان کی فرسٹ سیکرٹری بھاویکا منگلانندن نے کہا کہ ہر خودمختار ملک کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ اپنے قانونی نظام اور عوامی مفاد کے تحت جرائم کی سزاؤں کا تعین کرے۔ انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ ہندوستان میں سزائے موت صرف "انتہائی نایاب” (Rarest of Rare) مقدمات میں دی جاتی ہے جہاں اعلیٰ عدالتوں کی توثیق اور رحم کی اپیل جیسے کڑے قانونی تحفظات موجود ہیں۔

