بنکاک : یورپ سے باہر منعقد ہونے والے پہلے علاقائی موسیقی کے مقابلے یوروویژن سونگ کانٹیسٹ ایشیا کا تاج فلپائن کی نوجوان گلوکارہ کارمیل کولاڈو کے سر سج گیا ہے۔
ہفتے کی شب تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک کے ‘ون بنکاک فورم’ میں منعقدہ اس رنگا رنگ تقریب میں انہوں نے اپنے شاندار گیت سوبرا-سوبرا کے ذریعے 11 ممالک کے فنکاروں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے میدان مار لیا۔
مقابلے میں کارمیلکے نام سے پرفارم کرنے والی 19 سالہ گلوکارہ نے مجموعی طور پر 211 پوائنٹس حاصل کیے اور میزبان ملک تھائی لینڈ کو 41 پوائنٹس کے واضح فرق سے شکست دی، جبکہ ویتنام تیسرے نمبر پر رہا۔ کارمیل کو قومی جیوریز اور دنیا بھر کے ناظرین کی جانب سے آن لائن ووٹنگ، دونوں شعبوں میں سب سے زیادہ ووٹ ملے۔
جنوب مشرقی لوزون کے علاقے بیکول میں ریلوے ٹریک کے کنارے پلنے بڑھنے والی کارمیل 12 سال کی عمر سے ٹی وی ٹیلنٹ مقابلوں میں حصہ لے رہی ہیں۔ ان کا فاتح گیت ‘سوبرا-سوبرا’ پاپ اور ریپ موسیقی کا حسین امتزاج ہے، جسے فلپائن کے روایتی سازوں (کوبنگ اور کولنتانگ) کے ساتھ تگالوگ اور انگریزی زبانوں میں گایا گیا ہے۔ فتح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کارمیل نے کہا کہ انہوں نے پہلی بار یہ مقابلہ جیت کر تاریخ رقم کی ہے اور یہ گیت تمام فلپائنی خواتین کی خود مختاری اور ہمت کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے بنایا گیا تھا۔
تقریب کا آغاز تھائی لینڈ کی ثقافت کو اجاگر کرنے والے شاندار شو سے ہوا، جس کے بعد تمام 11 ممالک کے فنکاروں کو روایتی تھائی رکشوں (ٹک ٹک) میں اسٹیج پر لایا گیا۔
نیپال کے گلوکار پراتیک ہمال رائے نے اپنے راک گیت کے اختتام پر اپنے ملک کے لیے عالمی امداد کی اپیل کی، جو رواں سال اگست میں برفانی تودے گرنے اور تباہ کن سیلاب کے باعث شدید مشکلات کا شکار ہے، جس میں 1500 سے زائد افراد ہلاک اور 5 ہزار سے زیادہ لاپتہ ہو گئے تھے۔
بنگلہ دیش کے گروپ ‘بیٹموسفیئر’ نے بغیر کسی ساز کے محض آوازوں اور بیٹ باکسنگ کے ذریعے پرفارم کیا۔ اسٹیج پر زیادہ سے زیادہ چھ فنکاروں کی حد کے اصول کے باعث ان کے نو میں سے تین ارکان فائنل پرفارمنس میں شامل نہ ہو سکے۔
بھوٹان کے نیندرا اور منگولیا کے بیک نے اپنے روایتی قومی ملبوسات میں فن کا مظاہرہ کیا، جبکہ لاؤس کی گلوکارہ تھنلا کو لائیو پرفارمنس کے دوران تکنیکی خرابی کے باعث اپنی موسیقی سنائی نہ دینے پر ان کی ریہرسل کی ریکارڈنگ نشر کی گئی، اور وہ عوامی ووٹوں کی بدولت پانچویں نمبر پر رہیں۔
فاتح قرار پانے والی کارمیل کو کوئی نقد انعام نہیں دیا جائے گا، تاہم انہیں رواں سال یورپی یوروویژن جیتنے والی بلغاریائی گلوکارہ ‘دارا’ نے ٹرافی پیش کی اور اب وہ آئندہ سال 2027 میں بلغاریہ کے شہر برگاس میں ہونے والے یوروویژن مقابلے میں بھی پرفارم کریں گی۔
منتظمین نے واضح کیا ہے کہ چھوٹے ممالک میں بنیادی ڈھانچے کی کمی کے پیشِ نظر آئندہ ایڈیشنز کی میزبانی لازمی طور پر فاتح ملک کو نہیں دی جائے گی۔ ایگزیکٹو پروڈیوسر اساف بلیچر کے مطابق اس کامیاب آغاز کے بعد آئندہ سال کے مقابلے میں شرکت کے لیے چین، ہانگ کانگ اور تائیوان سمیت 16 سے 17 خطوں نے دلچسپی ظاہر کی ہے۔
بنکاک :”یوروویژن سونگ کانٹیسٹ ایشیا” فلپائنی گلوکارہ کارمیل نے جیت لیا

