پشاور: پشاور میں ایک انتہائی اہم اور ہنگامہ خیز پریس کانفرنس کے دوران گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے صوبے میں جاری سونے کی غیر قانونی کان کنی اور ٹیرر کرائم نیکسز کا خوفناک پردہ فاش کرتے ہوئے صوبے بھر میں سونے کی کان کنی کے تمام لیز معاہدے فوری طور پر ہمیشہ کے لیے منسوخ کرنے کا اعلان کر دیا ہے اور واضح کیا ہے کہ صوبے کے وسائل پر کسی کو ڈاکہ ڈالنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ گزشتہ 13 سالوں سے کے پی کے وسائل کی بے دردی سے لوٹ مار کی جا رہی ہے اور آج جب انٹرنیشنل اور مقامی کمپنیوں کو قانونی طریقے سے سرمایہ کاری کی دعوت دی جاتی ہے تو یہ مائننگ مافیا شور مچانا شروع کر دیتا ہے کیونکہ ان کا اصل مقصد صوبے کو ترقی سے محروم رکھنا ہے۔
صوبے میں جاری اس سفاکانہ لوٹ مار کے اعداد و شمار پیش کرتے ہوئے گورنر نے بتایا کہ اکیلے کوہاٹ کے علاقوں میں غیر قانونی گولڈ پلیسر مائننگ کے ذریعے ماہانہ تقریباً 90 کلوگرام سونا چوری کیا جا رہا تھا جس کی ماہانہ مالیت 4.2 ارب روپے بنتی ہے۔
اس غیر قانونی دھندے میں ہزاروں کی تعداد میں بھاری مشینری، ٹریکٹرز اور ڈمپر استعمال ہو رہے تھے، اور اس لوٹ مار کا 80 فیصد حصہ افغانستان اسمگل کیا جا رہا تھا جو بالآخر پاکستان کے خلاف ہونے والی دہشت گردی اور خوارج کی مالی معاونت میں استعمال ہو رہا تھا۔
کوہاٹ غیر قانونی سونے کی کان کنی میں ملوث سیاست دانوں کی تعداد 12 ہے
پی ٹی آئی کے صوبائی وزیر آفتاب عالم
پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی شہریار آفریدی
پی ٹی آئی کے سینیٹر خرم ذیشان
ساجد اقبال سابق ناظم گمبٹ
احسان سابق چییرمین لاچی
پیپلز پارٹی کے سابق رکن اسمبلی امجد آفریدی
جمعیت کے سیٹھ گوہر سیف اللہ سابق ضلع ناظم
پی ٹی آئی کے نسیم آفریدی
جمعیت کے امیدوار ایڈوکیٹ حماد اعظم
وزیراعلی سہیل آفریدی کے بھائی نوید آفریدی
سینیٹر خرم ذیشان کے قریبی ساتھی اظہر بخاری اور میڈیا کوآرڈینیٹر نذیر آفریدی
جبکہ ذرائع کے مطابق خیبر پختونخوا میں سونے کی غیر قانونی کان کنی میں 12 سیاستدانوں کے علاوہ 45 بیورکریٹس اور پولیس افسر بھی ملوث ہیں۔بیوروکریٹس میں سابق کمشنر پشاور کے علاوہ ڈپٹی کمشنرز اور پولیس کے ضلعی سربراہان بھی شامل ہیں۔ذرائع کے مطابق سہیل آفریدی کے کزن عبدالہادی عرف پتنگ بھی شکردرہ میں سونے کی غیر قانونی کان کنی میں ملوث رہا ہے۔۔۔دلچسپ امر یہ ہے کہ جس خفیہ ایجنسی نے رپورٹ تیار کی ہے اس کے ایک اعلٰی افسر کا نام بھی غیر قانونی کان کنی کے ملزموں میں شامل ہے
خیبر پختونخوا،سونے کی کان کنی کے تمام لیز معاہدے فوری منسوخ،پی ٹی آئی رہنماؤں سمیت 12 سیاستدان ملوث، فیصل کریم کنڈی

