لاہور : حکومتِ پنجاب نے صوبے کے مستحق اور کم آمدنی والے خاندانوں کی بیٹیوں کی شادی کے اخراجات میں معاونت کے لیے اپنا فلیگ شپ فلاحی منصوبہ ’پنجاب دھی رانی پروگرام‘ دوبارہ شروع کر دیا ہے، جس کے تحت اہل قرار پانے والی ہر دلہن کو 2 لاکھ روپے مالی امداد فراہم کی جائے گی۔
پنجاب سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال ڈیپارٹمنٹ کے مطابق یہ رقم دلہنوں کو بطور ’سلامی‘ اے ٹی ایم کارڈ کے ذریعے ادا کی جائے گی، جبکہ اجتماعی شادیوں کی تقریبات کے تمام تر انتظامات اور اخراجات بھی صوبائی حکومت خود برداشت کرے گی۔ محکمہ سوشل ویلفیئر نے واضح کیا ہے کہ اس پروگرام کے تحت اجتماعی شادیوں کی تقریبات کا باقاعدہ دوبارہ آغاز 12 نومبر 2026 کو کر دیا گیا ہے، اور حکومت کا ہدف ہے کہ رواں مالی سال 2026-27 کے دوران مزید 5 ہزار مستحق جوڑوں کے گھر بسائے جائیں۔
سرکاری ہدایات کے مطابق یہ مالی امداد صرف حکومت کے زیرِ اہتمام ہونے والی اجتماعی شادیوں کا حصہ ہے اور نجی طور پر کی جانے والی شادیوں کے لیے کوئی نقد امداد نہیں دی جائے گی۔ اسکیم کے تحت درج ذیل شرائط اور ترجیحات مقرر کی گئی ہیں
یتیم بچیوں، معذور خواتین، معذور افراد کی بیٹیوں اور انتہائی کمزور معاشی پس منظر رکھنے والے خاندانوں کی بیٹیوں کو خصوصی ترجیح دی جائے گی۔
دلہن کی عمر 18 سے 40 سال کے درمیان ہونا اور اس کے پاس صوبہ پنجاب کا درست ڈومیسائل ہونا لازمی ہے۔
درخواست گزار دلہن کا رشتہ طے شدہ ہونا ضروری ہے، نیز اس کا غیر شادی شدہ ہونا اور اجتماعی شادی کی تقریب میں شرکت پر آمادہ ہونا بھی لازم ہے۔ اس مقصد کے لیے ایک حلف نامہ بھی جمع کرانا ہوگا۔
دلچسپی رکھنے والے خاندان پنجاب دھی رانی پروگرام کے سرکاری پورٹل کے ذریعے گھر بیٹھے آن لائن درخواست دے سکتے ہیں۔ دلہن خود یا اس کے والد، والدہ یا قانونی سرپرست بھی درخواست جمع کرا سکتے ہیں۔پورٹل پر پہلے نام، قومی شناختی کارڈ نمبر، ضلع اور موبائل نمبر درج کر کے اکاؤنٹ بنانا ہوگا، جس کے بعد لاگ ان کر کے فارم پُر کیا جائے گا اور مطلوبہ دستاویزات اپ لوڈ کی جائیں گی۔ حکام کا کہنا ہے کہ اگر درخواستوں کی تعداد مقررہ گنجائش سے بڑھ گئی تو شفافیت برقرار رکھنے کے لیے اہل امیدواروں کا انتخاب الیکٹرانک قرعہ اندازی کے ذریعے کیا جائے گا۔جانچ پڑتال اور حتمی منظوری کے بعد منتخب ہونے والے جوڑوں کو ایس ایم ایس کے ذریعے اجتماعی شادی کی تاریخ اور مقام سے آگاہ کیا جائے گا، جہاں تقریب کے موقع پر انہیں اے ٹی ایم کارڈ کے ذریعے 2 لاکھ روپے کی امدادی رقم فراہم کر دی جائے گی۔
بچیوں کی شادی کیلئے حکومت پنجاب کی 2 لاکھ امداد حاصل کرنے کا طریق کار

