اسلام آباد (محمد شبیر بینقاب نیوز)
سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے مساجد میں قائم ‘فتنہ الخوارج’ کے دو دہشت گرد ٹھکانے کلیئر کر دیے اور بھاری مقدار میں اسلحہ و بارود برآمد کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی کے جنوب میں مضافاتی گاؤں ‘مُزک’ میں انٹیلی جنس بیسد آپریشن کیا، مساجد میں قائم دہشت گردوں کے دو ٹھکانے کلئیر کردیئے گئے۔یہ کارروائی ‘فتنہ الخوارج’ کے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاعات پر کی گئی۔آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ آپریشن کے دوران، خوارجیوں کی جانب سے مساجد میں قائم کئے گئے دہشت گردوں کے دو ٹھکانے کلئیر کردیئے گئے اور وہاں سے تیار شدہ دیسی ساختہ بموں، دھماکہ خیز مواد کی تیاری کے سامان، ہتھیاروں اور گولہ بارود کا بھاری ذخیرہ برآمد کر لیا گیا۔ترجمان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں نے جان بوجھ کر مساجد میں اپنے ٹھکانے قائم کر رکھے تھے تاکہ وہاں دھماکہ خیز مواد ذخیرہ کیا جا سکے، اس کے علاوہ وہ وہاں ‘ٹارچر سیل’ بھی چلائے جا رہے تھے۔پاک فوج کے ترجمان نے کہا کہ بھارت کے آلہ کار ‘فتنہ الخوارج’ کی جانب سے عبادت گاہوں کی یہ بے حرمتی، اسلام کی بنیادی تعلیمات سے ان کی مکمل بے اعتنائی کا ایک اور واضح ثبوت ہے۔ترجمان کے مطابق افغان طالبان کی معاونت رکھنے والے ان خوارجی دہشت گردوں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں ہے، دین اسلام کی خوارجیوں کی جانب سے کی جانے والی مسخ شدہ تشریح اور غلط استعمال ناقابلِ قبول ہے، اور خیبر پختونخوا اور پاکستان کے غیور اور نیک سیرت عوام اسے یکسر مسترد کرتے ہیں۔سیکیورٹی فورسز کے بہادر جوان علاقے میں بھارتی سرپرستی میں قائم دیگر دہشت گرد ٹھکانوں کے خاتمے کے لیے ‘سینیٹائزیشن آپریشن’ جاری رکھے ہوئے ہیں۔سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے وژن ‘عزمِ استحکام’ کے تحت انسدادِ دہشت گردی کی مہم پوری شدت سے جاری رکھے ہوئے ہیں، تاکہ ملک سے غیر ملکی حمایت یافتہ دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جا سکے۔

