قاہرہ
مصر کے دارالحکومت قاہرہ کے قریب صوبہ جیزہ کے علاقے العیاط میں دو مسافر ٹرینوں کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں کم از کم 7 افراد جاں بحق جبکہ 112 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔موصولہ تفصیلات کے مطابق یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب جیزہ سے فیوم جانے والی ایک مسافر ٹرین پیچھے سے آ کر قاہرہ سے اسوان جانے والی دوسری مسافر ٹرین سے ٹکرا گئی۔ تصادم اتنا شدید تھا کہ ٹرین کے متعدد ڈبے پٹری سے اتر گئے، جس کے باعث علاقے میں شدید افراتفری پھیل گئی۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی مصری وزارت صحت کی درجنوں ایمبولینسز اور ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ امدادی کارکنوں نے زخمیوں اور لاشوں کو فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا۔ طبی حکام کا کہنا ہے کہ کچھ زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے، جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ مصری صدر عبدالفتاح السیسی نے اس دلخراش ٹرین حادثے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ اداروں کو فوری طور پر شفاف تحقیقات کرنے کی ہدایت کی ہے۔ حکومت نے عزم ظاہر کیا ہے کہ حادثے میں غفلت یا لاپرواہی کے مرتکب تمام ذمہ داران کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
واضح رہے کہ مصر کے بوسیدہ ریلوے نظام اور سگنلنگ کے مسائل کی وجہ سے ماضی میں بھی کئی بڑے ٹرین حادثات رونما ہو چکے ہیں، جن میں سینکڑوں افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

