مورو (رپورٹ: محمد اسلم مغل)
مورو شہر کے باندھی روڈ پر گھر کے باہر کھیلنے کے دوران بجلی کے پول سے کرنٹ لگنے سے معصوم بچہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔ جاں بحق ہونے والے بچے کی شناخت 5 سالہ ریحان علی سولنگی کے نام سے ہوئی ہے، جو کہ ٹول پلازہ کے انچارج شاہنواز سولنگی کا بیٹا تھا۔تفصیلات کے مطابق معصوم ریحان گھر کے باہر کھیل رہا تھا کہ اس دوران اچانک بجلی کے پول کو ہاتھ لگنے سے اسے شدید کرنٹ لگ گیا، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ واقعے کے فوراً بعد ورثاء بچے کو مورو اسپتال لے کر پہنچے جہاں ڈیوٹی ڈاکٹر نے معائنے کے بعد بچے کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کر دی۔ بچے کی لاش گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا اور فضا سوگوار ہو گئی۔بچے کے ورثاء اور اہلِ علاقہ کا کہنا ہے کہ یہ دلخراش واقعہ سیپکو (SEPCO) مورو کے افسران کی سنگین نااہلی اور مجرمانہ غفلت کے باعث پیش آیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ بجلی کا پورا پول کرنٹ سے متاثر تھا، اور اس کی پہلے سے اطلاع بھی دی گئی تھی لیکن سیپکو حکام نے کوئی توجہ نہیں دی، جس کے نتیجے میں ایک معصوم بچے کی جان چلی گئی۔متاثرہ خاندان اور شہریوں نے اعلیٰ حکام سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ غافل سیپکو افسران کے خلاف فوری قانونی کارروائی کی جائے تاکہ کسی اور گھر کا چراغ اس طرح نہ بجھے۔

