دیر بالا (بیورو چیف ریاض ابوالخیل)
ضلع دیر بالا کے علاقہ واڑی میں واقع معروف دینی درسگاہ مدرسہ جامعہ دارالعلوم زکریا واڑی میں اتحاد المدارس، علمائے کرام اور مدارس کے باہمی تعاون و اشتراک سے ایک اہم مشترکہ اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں حضرت مولانا قاری عبد الرحمن حقانی، مولانا عبد الرشید، مولانا درویش حقانی، مولانا حاجی بہادر روغانی، قاری لطیف اللہ، مفتی اسلام، مولانا ریحان، مولانا عصام الدین، مولانا سلیمان حقانی، مولانا ادریس حقانی، مولانا حیات اللہ دیوبندی، مفتی اویس حقانی، اور مولانا اسد حقانی سمیت واڑی اور گردونواح کے جید علمائے کرام، دینی مدارس کے ذمہ داران اور مہتممین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔اجلاس کی صدارت حضرت مولانا قاری عبدالرحمن حقانی نے کی۔ اس موقع پر مدارس کو درپیش گوناگوں مسائل، دینی تعلیم کے فروغ، باہمی تعاون اور اتحاد و اتفاق کو مضبوط بنانے پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ علمائے کرام نے مدارس کے ملی اور دینی کردار کو مزید مؤثر بنانے اور باہمی رابطوں کو مضبوط کرنے پر بھی زور دیا۔نئی کابینہ کا انتخاب: اجلاس کے دوران متفقہ طور پر اتحاد المدارس کی تنظیم کے لیے مندرجہ ذیل عہدیداران کا انتخاب عمل میں آیا:امیر: حضرت مولانا قاری عبد الرحمن حقانی سینئر نائب امیر: قاری عرفان الدین جنرل سیکرٹری: قاری لطیف اللہ آخر میں ملک و قوم کی سلامتی، دینی مدارس کے استحکام اور امت مسلمہ کے اتحاد کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں، اور دعا کی گئی کہ اللہ تعالیٰ قاری عبدالرحمن حقانی کی دینی خدمات کو قبول فرمائے اور یہ اجتماع امت کے لیے خیر و برکت کا ذریعہ بنے۔ آمین۔


