سکھر (رپورٹ: عبد الرحمان راجپوت) ڈائریکٹر ہیلتھ سکھر ڈویژن ڈاکٹر فرخ امتیاز بھنبھرو نے ٹراما اینڈ ایمرجنسی رسپانس سینٹر، جی ایم ایم سی سکھر کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر کے ایم سی ڈاکٹر شہزاد طارق بھی ان کے ہمراہ تھے۔دورے کے دوران معروف ماہرِ صحت ڈاکٹر محمود قریشی نے ڈائریکٹر ہیلتھ کو سکھر ڈویژن سمیت دیگر علاقوں سے آنے والے مریضوں کو فراہم کی جانے والی ٹراما، ایمرجنسی اور دیگر طبی خدمات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈائریکٹر ہیلتھ نے ٹرائیج ایریا، آپریشن تھیٹر، آئی سی یو، وارڈز اور تشخیصی لیبارٹریز کا معائنہ کیا اور بروقت طبی مداخلت، مؤثر انتظامی امور اور ملٹی ڈسپلنری طریقۂ علاج کو سراہا۔ انہوں نے زیرِ علاج مریضوں اور ان کے لواحقین سے ملاقات کر کے فراہم کردہ سہولیات کے بارے میں بھی دریافت کیا، جس پر مریضوں اور لواحقین نے مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فرخ امتیاز بھنبھرو نے کہا کہ ٹراما اینڈ ایمرجنسی رسپانس سینٹر کا قیام صوبائی وزیرِ صحت ڈاکٹر عذرا فضل کا ایک قابلِ تحسین اقدام ہے، جنہوں نے خطے کے عوام کی ضرورت کو محسوس کرتے ہوئے اس اہم طبی سہولت کو یقینی بنایا۔ انہوں نے مزید کہا کہ محکمۂ صحت، صوبائی وزیرِ صحت ڈاکٹر عذرا فضل اور سیکریٹری صحت طاہر حسین سانگی کی قیادت میں بالخصوص بالائی سندھ میں عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے بھرپور اقدامات کر رہا ہے۔ڈائریکٹر ہیلتھ نے کہا کہ یہ سینٹر علاقے کے عوام کی دیرینہ ضرورت پوری کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے جس سے معیاری طبی خدمات تک عوام کی رسائی مزید آسان ہوئی ہے۔ انہوں نے ڈاکٹر محمود قریشی اور ان کی پوری ٹیم کے عزم، محنت اور اعلیٰ پیشہ ورانہ کارکردگی کی زبردست تعریف کی۔

