سیالکوٹ، پسرور (سلیم احمد اعوان شیخو:محمد اشفاق)
ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ اویس مشتاق نے پسرور کا دورہ کیا اور گورنمنٹ تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال پسرور میں طبی سہولیات، مریضوں کو فراہم کی جانے والی خدمات اور انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔
انہوں نے ہسپتال کے ٹراما سنٹر، ڈائلیسسز یونٹ، میڈیکل وارڈز، او پی ڈی، فارمیسی اور ایمرجنسی سمیت مختلف شعبوں کا معائنہ کیا۔ انہوں نے ہسپتال میں صفائی ستھرائی کی صورتحال، ادویات کی دستیابی، مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور عملے کی حاضری کا بھی جائزہ لیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے مریم نواز ہیلتھ کلینک کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے سٹاف کی حاضری چیک کرنے کے ساتھ ساتھ مریضوں کے لیے دستیاب سہولیات اور کلینک کے انتظامی امور کا معائنہ کیا۔
بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے گورنمنٹ نصیر زینت گرلز ہائی سکول بڈیانہ اور گورنمنٹ عائشہ گرلز ہائی سکول کا دورہ کیا۔ انہوں نے دونوں تعلیمی اداروں میں ارلی چائلڈ ہڈ کیئر اینڈ ایجوکیشن (ECCE) رومز، کلاس رومز، پینے کے صاف پانی کے فلٹریشن پلانٹس اور واش رومز کا معائنہ کیا۔
ڈپٹی کمشنر نے سکولوں میں طلبہ و طالبات کو فراہم کی جانے والی بنیادی سہولیات، تعلیمی ماحول اور صفائی ستھرائی کا بھی جائزہ لیا اور متعلقہ حکام کو سہولیات کی بروقت فراہمی اور معیار برقرار رکھنے کی ہدایات دیں۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر پسرور ثناء شرافت بھی ڈپٹی کمشنر کے ہمراہ تھیں۔

