لاہور (خصوصی رپورٹر): صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے نوجوانوں کے روشن مستقبل کے لیے لیپ ٹاپ اور اسکالرشپ اسکیم فیز ٹو کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ قوم کے بچوں کا اصل مستقبل ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت (اے آئی) اور جدید ہنر میں پوشیدہ ہے، نہ کہ کنٹینرز، دھرنوں اور سیاسی انتشار میں۔
عظمیٰ بخاری نے وزیر اعلیٰ پنجاب کے اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ مریم نواز پنجاب کے بیٹوں اور بیٹیوں کی تعلیمی و سماجی ضروریات کا خیال بالکل اپنے بچوں کی طرح رکھ رہی ہیں، اور یہی وجہ ہے کہ نوجوانوں میں ان کی مقبولیت روز بروز بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مریم نواز کی اس عوامی کارکردگی اور بڑھتی ہوئی مقبولیت سے خوفزدہ عناصر ان پر ذاتی حملے کرتے ہیں، یہاں تک کہ اخلاقیات کا درس دینے والے بھی "بغضِ مریم” کا شکار ہو چکے ہیں۔ مریم نواز نے عملی طور پر ڈلیور کیا ہے، جس کی وجہ سے عالمی سطح پر بھی ان کی پذیرائی ہو رہی ہے۔
عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں جعلی تبدیلی اور کھوکھلے نعروں کے سیاہ دور کا اب خاتمہ ہو چکا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ صوبے میں ایمرجنسی کی موجودہ صورتحال کی ذمہ دار خود پی ٹی آئی ہے، جس نے قومی مفاد اور امن پر دہشتگردی کو ترجیح دی۔
صوبائی وزیر اطلاعات نے پاک فوج اور دیگر سیکیورٹی اداروں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ادارے ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کے لیے دن رات عظیم قربانیاں دے رہے ہیں۔
انہوں نے کڑے الفاظ میں تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایسے حساس موقع پر سیکیورٹی فورسز پر تنقید اور زبان درازی دراصل ملک کے دفاعی اداروں کا مورال ڈاؤن کرنے کے مترادف ہے، تاہم پوری پاکستانی قوم اپنے بہادر جوانوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
"قوم کے بچوں کا مستقبل ٹیکنالوجی اور اے آئی ہے، دھرنے اور کنٹینر نہیں”: عظمیٰ بخاری لیپ ٹاپ ،اسکالرشپ اسکیم فیز ٹو کا اعلان

