چکوال (سٹی رپورٹر مہتاب نصیر اعوان سے)
ہنگو کے قریب پاک فوج کے قافلے پر دہشت گرد حملے میں شہیدوں اور غازیوں کی سرزمین ضلع چکوال کی تحصیل کلرکہار کے موضع بھٹی گجر کے دو سپوت شہید ہو گئے۔ شہداء میں پاک فوج کے لیفٹیننٹ شیراز بابر اور سویلین شہری غلام سجاد شامل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق، کوہاٹ سے تھل جانے والے پاک فوج کے قافلے پر ہنگو کے قریب دہشت گردوں کے حملے میں موضع بھٹی گجر کے رہائشی پاک فوج کے لیفٹیننٹ شیراز بابر ولد بابر شہزاد جامِ شہادت نوش کر گئے۔ لیفٹیننٹ شیراز بابر علاقے کی معروف علمی شخصیت اور سابق ہیڈ ماسٹر محمد زمان مغل کے پوتے تھے۔
واقعے میں موضع بھٹی گجر ہی کے رہائشی سویلین شہری غلام سجاد ولد محمد بشیر بھی شہید ہو گئے، جو لیفٹیننٹ شیراز بابر کی گاڑی میں سوار تھے۔ ایک ہی علاقے کے دو سپوتوں کی شہادت کی خبر پہنچتے ہی علاقے بھر میں سوگ کی فضا چھا گئی۔



