بلوچستان کے ضلع قلات میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر ایک کامیاب کارروائی کرتے ہوئے بھارت کی سرپرستی میں کام کرنے والے دہشتگرد گروہ فتنہ الہندوستان المعروف بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) سے تعلق رکھنے والے 12 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو مکمل طور پر تباہ کر دیا اور موقع سے بھاری مقدار میں گولہ بارود اور دیسی ساختہ بم بھی ضائع کر دیے گئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے کو مکمل طور پر محفوظ بنانے کے لیے کلیئرنس اور سرچ آپریشن ابھی جاری ہے۔
🚨#ISPR 12 Terrorists Eliminated
On 02 September 2026, security forces conducted an intelligence based operation in Kalat District of Balochistan, Pakistan, on reported presence of terrorists belonging to Indian proxy, Fitna al Hindustan
During the conduct of operation,… pic.twitter.com/9YpUbvwoZD
— Pakistan Armed Forces News 🇵🇰 (@PakistanFauj) September 4, 2026
اس کامیاب کارروائی پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سیکیورٹی فورسز کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ہے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے فورسز کی کارکردگی کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ فورسز نے بارہ دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا ہے اور ہم ان بہادر سپوتوں کی قربانیوں اور سیکیورٹی اقدامات کو قدر کی نگاه سے دیکھتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم امن کے دشمنوں کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں اور فتنہ الہندوستان کو ملک میں کہیں بھی چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔
وزیر داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گردی کی اس لہر کو ختم کرنے کے لیے پوری قوم سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور عوام کی مکمل حمایت سے ملک سے دہشت گردی کا نام و نشان مٹا دیا جائے گا۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس کارروائی سے علاقے میں دہشت گردوں کے نیٹ ورک کو شدید نقصان پہنچا ہے اور امن و امان کی بحالی کے لیے کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔

