سیالکوٹ (سلیم احمد اعوان شیخو)
ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ اویس مشتاق نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے تعلیمی اداروں کی مانیٹرنگ اور طلبہ کو صاف ستھرا، محفوظ اور سازگار تعلیمی ماحول فراہم کرنے کے ویثرن کے تحت گورنمنٹ گرلز اور بوائز ہائی سکولز کوٹلی بہرام کا دورہ کیا اور سکولوں میں تعلیمی و انتظامی امور، صفائی ستھرائی اور دستیاب سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔انھوں نے مختلف کلاس رومز کا معائنہ کیا، طلبہ و طالبات سے براہ راست گفتگو کی اور ان سے نصاب، تدریسی سرگرمیوں اور سکول میں دستیاب سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے تدریسی عمل کا بھی جائزہ لیا اور اساتذہ کو طلبہ کی تعلیمی استعداد بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ ان کی کردار سازی اور ہم نصابی سرگرمیوں پر بھی توجہ دینے کی ہدایت کی۔انھوں نے سکولوں کے صحن، کلاس رومز، عمارت کے مختلف حصوں، واش رومز اور دیگر مقامات پر صفائی ستھرائی کی صورتحال کا معائنہ کیا اور صفائی کے معیار کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے واٹر کولرز اور طلبہ کے لیے پینے کے پانی کی سہولت کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ طلبہ و طالبات کو ہر صورت صاف اور فلٹر شدہ پینے کا پانی فراہم کیا جائے، واٹر فلٹرز کی بروقت صفائی اور تبدیلی یقینی بنائی جائے جبکہ فلٹر کی تبدیلی کی تاریخ نمایاں طور پر درج کی جائے تاکہ پانی کے معیار اور فلٹرز کی دیکھ بھال کی باقاعدہ مانیٹرنگ ممکن ہو سکے۔

