بلوچستان رحمت اللہ بلوچ بیوروچیف بے نقاب نیوز)
حاجی شہر، ضلع کچھی: علمبردارِ امن نوابزادہ شاہنواز خان شاہوانی نے پولیس تھانہ حاجی شہر، تحصیل بالاناڑی ضلع کچھی، کی مٹھڑی منتقلی کے فیصلے پر سخت ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حاجی شہر بالاناڑی کا مرکزی شہر ہے اور گزشتہ 70 سالوں سے لیویز/پولیس تھانہ حاجی شہر میں قائم ہے۔انہوں نے کہا کہ حاجی شہر اور گردونواح کے عوام کے لیے یہ تھانہ نہایت اہمیت رکھتا ہے۔ علاقے میں امن و امان کے قیام، عوامی شکایات کے ازالے اور قانونی معاملات میں یہی تھانہ عرصہ دراز سے خدمات انجام دے رہا ہے۔ تھانے کو مٹھڑی منتقل کرنے سے نہ صرف حاجی شہر بلکہ گردونواح کے عوام کو بھی اپنے مسائل کے حل کے لیے طویل سفر کرنا پڑے گا، جس سے عوامی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگا۔نوابزادہ شاہنواز خان شاہوانی نے کہا کہ کسی بھی سرکاری ادارے کو منتقل کرنے سے پہلے مقامی آبادی کی ضروریات، جغرافیائی صورتحال اور عوامی سہولیات کو مدنظر رکھنا ضروری ہے۔ حاجی شہر کی مرکزی حیثیت اور بڑی آبادی کو دیکھتے ہوئے پولیس تھانہ حاجی شہر کو موجودہ مقام پر ہی برقرار رکھا جائے۔انہوں نے حکومت، محکمہ پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ پولیس تھانہ حاجی شہر کی مٹھڑی منتقلی کا فیصلہ فوری طور پر واپس لیا جائے اور عوامی تحفظ و سہولت کو اولین ترجیح دی جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم اپنے جائز اور بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے ہر آئینی، قانونی اور جمہوری راستہ اختیار کریں گے۔ اگر تھانے کی منتقلی کا فیصلہ واپس نہ لیا گیا تو حاجی شہر کے عوام، قبائلی معتبرین، سیاسی و سماجی شخصیات اور مختلف طبقہ ہائے فکر کے لوگوں کو ساتھ لے کر پُرامن احتجاجی تحریک شروع کی جائے گی۔ ہم اپنے حقوق کے حصول اور علاقے کے عوام کی سہولیات کے لیے ہر ممکن پُرامن اور جمہوری جدوجہد جاری رکھیں گے۔
نوابزادہ شاہنواز خان شاہوانی نے متعلقہ حکام سے فوری نوٹس لے کر عوامی خدشات دور کرنے اور تھانہ حاجی شہر کو موجودہ مقام پر برقرار رکھنے کا مطالبہ کیا۔


