قصور (محمد وقاص اشرف سے)
برصغیر کے عظیم صوفی بزرگ، شاعرِ انسانیت اور امن و محبت کے داعی حضرت بابا بلھے شاہؒ کے 269ویں سالانہ عرس مبارک کی تین روزہ تقریبات کا باقاعدہ آغاز قصور میں ہو گیا۔ عرس کی افتتاحی تقریب میں عقیدت مندوں، زائرین اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
تقریبات کے آغاز پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) قصور آفتاب احمد پھلروان نے بابا بلھے شاہؒ کے مزار شریف کو غسل دیا اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر قصور آصف رضا، رکن قومی اسمبلی سعد وسیم شیخ، اراکین صوبائی اسمبلی نعیم صفدر انصاری اور الیاس گجر، صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن احمد لطیف، علماء کرام، سرکاری افسران اور معززین علاقہ بھی موجود تھے۔
شرکاء نے بابا بلھے شاہؒ کی تعلیمات، صوفیانہ فکر اور انسان دوستی کے پیغام کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ آج کے دور میں برداشت، محبت، رواداری اور بھائی چارے کے فروغ کے لیے بابا بلھے شاہؒ کی تعلیمات مشعلِ راہ ہیں۔
عرس مبارک کی تقریبات میں شرکت کے لیے ملک بھر سے ہزاروں زائرین قصور پہنچ رہے ہیں۔ زائرین کے استقبال کے لیے قصور پولیس کی جانب سے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں اور "جی آیاں نوں” کے بینرز آویزاں کر کے آنے والے مہمانوں کو خوش آمدید کہا جا رہا ہے۔
ڈی پی او قصور آفتاب احمد پھلروان نے اس موقع پر بتایا کہ عرس کے دوران زائرین کی جان و مال کے تحفظ، ٹریفک کی روانی اور پرامن ماحول کو یقینی بنانے کے لیے جامع سکیورٹی پلان ترتیب دیا گیا ہے۔ مزار شریف اور اطراف میں اضافی پولیس نفری تعینات کی گئی ہے جبکہ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے خصوصی اقدامات بھی کیے گئے ہیں۔تین روزہ عرس مبارک کے دوران مختلف مذہبی، ثقافتی اور روحانی تقریبات منعقد ہوں گی جن میں قوالی، محافلِ ذکر، نعت و صوفیانہ کلام اور دیگر پروگرام شامل ہیں۔ انتظامیہ کی جانب سے زائرین کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کے لیے خصوصی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔بابا بلھے شاہؒ کا سالانہ عرس نہ صرف ایک روحانی اجتماع ہے بلکہ محبت، امن، اخوت اور صوفیانہ روایات کے فروغ کا ایک اہم ذریعہ بھی سمجھا جاتا ہے، جس میں ملک بھر سے عقیدت مند شرکت کر کے اپنی والہانہ محبت کا اظہار کرتے ہیں۔


