سیالکوٹ ( سلیم احمد اعوان شیخو)
ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ و کنٹرولر سول ڈیفنس اویس مشتاق سے چیف وارڈن سول ڈیفنس طاہر مجید کپور اور ڈسٹرکٹ آفیسر سول ڈیفنس فرحانہ عزیز نے ملاقات کی۔ اس موقع پر آفیسران نے ڈپٹی کمشنر کو محکمہ سول ڈیفنس کے امور، ذمہ داریوں اور کارکردگی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی جبکہ انہیں سول ڈیفنس کیپ بھی پیش کی گئی۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈکوارٹر صولت حیات وٹو بھی اس موقع پر موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر اویس مشتاق نے کہا کہ امن و امان کے معمول کے حالات ہوں یا کسی بھی قسم کی ہنگامی صورتحال ہو تو سول ڈیفنس کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ اور ہنگامی حالات سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لئے سول ڈیفنس کی استعدادِ کار میں مزید بہتری لانا ضروری ہے۔انھوں نے کہا کہ عوامی آگاہی کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مربوط اور مؤثر اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ سول ڈیفنس کے اہلکاروں کی تربیت، وسائل کے مؤثر استعمال اور متعلقہ اداروں کے ساتھ باہمی رابطہ مزید مضبوط بنایا جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری اور مؤثر ردعمل یقینی بنایا جا سکے۔

