عمرکوٹ (نامہ نگار)
پاکستان پیپلز پارٹی ضلع عمرکوٹ کے سینئر نائب صدر برہان الدین کنبھر کی قیادت میں ے وفد نے گڈڑو اور گردونواح کا دورہ کیا۔ وفد میں انفارمیشن سیکریٹری گھنشام داس راٹھوڑ، خالد خاصخیلی، کانجی مل، موتی، ٹیکم، شکیل، صدیق اور دیگر شامل تھے۔ وفد نے گڈڑو میں محمد سلیم راہموں کی بیٹھک پر ظہرانہ کیا، جہاں ان کے صاحبزادے غلام قادر، بھائی رباب علی، بھتیجے قربان علی راہموں، احمد علی راہموں، منظور علی راہموں اور دیگر نے پرتپاک استقبال کیا اور مہمانوں کو لونگیاں، سالیاں اور اجرک کے تحائف پیش کیے۔ اس موقع پر وفد نے گڈڑو کی ناتھن ترائی، مسجد شریف، مندر اور درگاہ شریف کا دورہ بھی کیا۔ وفد کو بتایا گیا کہ گڈڑو رام سنگھ کی تقسیمِ ہند سے قبل ایک بڑا شہر اور اہم تجارتی مرکز تھا، جبکہ قریب واقع ٹانکی ریلوے اسٹیشن موجودہ ہمسایہ ملک میں ہے۔ گڈڑو میں آج بھی قدیم شہر اور تجارتی مرکز کے تاریخی آثار موجود ہیں۔ بعد ازاں وفد نے گاؤں پیرانی کے قریب سائیں جان محمد نہڑی کی بیٹھک پر چائے پارٹی میں شرکت کی، جہاں ان کے بھائیوں اور بیٹوں نے عزت و احترام سے استقبال کرتے ہوئے اجرک اور لونگیاں پیش کیں۔ بعد میں گاؤں کالاریو میں حاجی الہجڑیو راہموں کی بیٹھک پر وڈیرے فرید راہموں کی چائے پارٹی میں شرکت کی گئی، جہاں بھی شاندار استقبال اور اجرک کے تحائف دیے گئے۔ پ پ پ رہنماؤں نے میزبانوں کی محبت، خلوص اور سندھی ثقافت سے بھرپور مہمان نوازی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عوام سے رابطہ اور مقامی لوگوں سے روابط مضبوط کرنا پارٹی کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔

