عمرکوٹ ( رپورٹ ڈاکٹر ایم لال واگھانی بیورو چیف)
عمرکوٹ میں سماجی تنظیم اسپارک کی جانب سے اینٹوں کے بھٹوں پر قائم نان فارمل ایجوکیشن سینٹرز میں یومِ آزادی پاکستان کے حوالے سے خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ تقریبات میں بچوں نے بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ شرکت کی اور قومی پرچم لہرا کر وطنِ عزیز سے محبت کا اظہار کیا۔ اس موقع پر اسپارک کی جانب سے ڈسٹرکٹ مینیجر سورج مل اور سوشل موبلائزر محمد حسیب نے تقاریر کرتے ہوئے بچوں کو پاکستان کی آزادی، قیامِ پاکستان کی جدوجہد اور آزادی کی اہمیت کے حوالے سے آگاہی فراہم کی۔ مقررین نے بچوں پر زور دیا کہ وہ تعلیم حاصل کرکے ملک کی ترقی اور خوشحالی میں اپنا مثبت کردار ادا کریں۔ تقریب کے دوران بچوں نے ملی نغمے، قومی ترانے اور مختلف سرگرمیوں میں حصہ لیا۔ یومِ آزادی کی خوشی کے موقع پر *کیک کاٹا گیا اور بچوں میں مٹھائیاں تقسیم کی گئیں، جس سے تقریب کا ماحول مزید خوشگوار اور پُرجوش ہوگیا۔ اس موقع پر بچوں نے سبز و سفید لباس پہن کر اور ہاتھوں میں قومی پرچم تھام کر پاکستان سے اپنی محبت کا اظہار کیا۔ تقریب کے اختتام پر پاکستان کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔

