شیخوپورہ (اسامہ طفیل)
معروف سیاسی، سماجی و تاجر شخصیت سیٹھ محمد عباس نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر اور فلسطین کے حل کے لیے مسلم حکمرانوں کو بیداری اور اتحاد کا مظاہرہ کرتے ہوئے عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔ مظلوم کشمیریوں اور فلسطینیوں پر ہونے والے مظالم نے پوری امت مسلمہ کی غیرت کو للکارا ہے، اب محض مذمتی بیانات کے بجائے ٹھوس اور مؤثر اقدامات کی ضرورت ہے۔ سیٹھ محمد عباس نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں اور اسرائیل فلسطین میں مسلسل ظلم و بربریت کا مظاہرہ کر رہے ہیں، مگر نام نہاد انسانی حقوق کے علمبرداروں کو مظلوم مسلمانوں پر ہونے والے مظالم دکھائی نہیں دیتے۔ بھارتی اور اسرائیلی جارحیت پوری دنیا کے سامنے عیاں ہے، لیکن اقوام متحدہ کے بعد سب سے زیادہ افسوسناک رویہ عالم اسلام کے حکمرانوں کا ہے، جو اس ورتحال کا مؤثر نوٹس لینے میں سنجیدہ دکھائی نہیں دے رہے مسلم ممالک کے حکمران مذمتی بیانات اور زبانی جمع خرچ تک محدود رہنے کے بجائے مسئلہ کشمیر اور مسئلہ فلسطین کے مستقل اور منصفانہ حل کے لیے مشترکہ حکمت عملی اختیار کریں۔ عالمی سطح پر سفارتی، سیاسی اور معاشی دباؤ بڑھانے کے لیے مسلم ممالک کو متحد ہوکر مؤثر کردار ادا کرنا چاہیے۔ عالم اسلام کے حکمرانوں کو اپنی بین الاقوامی پالیسیوں اور ترجیحات میں آزادانہ فیصلے کرتے ہوئے مظلوم فلسطینیوں اور کشمیریوں کے حق میں واضح اور دوٹوک مؤقف اختیار کرنا ہوگا، کیونکہ محض رسمی بیانات سے ان دیرینہ مسائل کا حل ممکن نہیں۔

