تحریر: راجہ نورالٰہی عاطف
جہاں لفظ بے نقاب ہوں۔۔۔ وہیں سے سچ کا آغاز ہوتاہے
تعلیم کسی بھی قوم کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کی بنیادی ضمانت ہوتی ہے۔ جب سرکاری تعلیمی اداروں کے طلبہ محدود وسائل کے باوجود اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہیں تو یہ صرف انفرادی کامیابی نہیں بلکہ پورے نظامِ تعلیم کی محنت، اساتذہ کی لگن اور والدین کی دعاؤں کا ثمر ہوتی ہے۔ ضلع لیہ کے سرکاری سکولوں کے طلبہ نے بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے میٹرک سالانہ امتحان میں نمایاں پوزیشنیں حاصل کرکے ثابت کر دیا ہے کہ اگر قیادت مخلص، اساتذہ باصلاحیت اور طلبہ محنتی ہوں تو کامیابی کسی بھی صورت دور نہیں رہتی۔
اس سال ضلع لیہ کے سرکاری تعلیمی اداروں کے طلبہ نے مجموعی طور پر تین نمایاں پوزیشنیں حاصل کرکے پورے ضلع کا نام روشن کیا۔ گورنمنٹ ماڈل ہائر سیکنڈری سکول لیہ کے طالب علم سید محمد جون عباس نقوی اور گورنمنٹ گرلز ہائی سکول ریلوے اسٹیشن کروڑ کی طالبہ میراب زہرہ نے 1189 نمبر حاصل کرکے مجموعی طور پر تیسری پوزیشن اپنے نام کی، جبکہ گورنمنٹ گرلز ہائی سکول کوٹ سلطان کی طالبہ امامہ عباس نے 1187 نمبر حاصل کرتے ہوئے طالبات میں تیسری پوزیشن حاصل کی۔ یہ کامیابیاں اس حقیقت کا واضح ثبوت ہیں کہ سرکاری سکولوں میں بھی بے شمار باصلاحیت طلبہ موجود ہیں جو مناسب رہنمائی اور سازگار تعلیمی ماحول ملنے پر بڑے سے بڑا اعزاز حاصل کر سکتے ہیں۔
ان شاندار نتائج کے پیچھے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی لیہ ڈاکٹر محمد قیوم خان، ڈی ای او سیکنڈری محمد حسین، ادارہ جاتی سربراہان اور اساتذہ کرام کی مسلسل محنت، مؤثر نگرانی اور تعلیمی بہتری کے لیے سنجیدہ اقدامات قابلِ ستائش ہیں۔ تعلیمی اداروں میں نظم و ضبط، اساتذہ کی حوصلہ افزائی، تعلیمی معیار کی مسلسل نگرانی اور طلبہ کی ذہنی و علمی استعداد کو بہتر بنانے کے لیے کی جانے والی کوششوں کے مثبت نتائج آج سب کے سامنے ہیں۔
کسی بھی طالب علم کی کامیابی صرف اس کی ذاتی محنت کا نتیجہ نہیں ہوتی بلکہ اس میں والدین کی قربانیاں، اساتذہ کی رہنمائی اور ادارے کے سازگار ماحول کا بھی اہم کردار ہوتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اس کامیابی پر کامیاب طلبہ کے ساتھ ساتھ ان کے والدین، اساتذہ اور سکول انتظامیہ بھی مبارکباد کی مستحق ہے۔
آج جب سرکاری تعلیمی اداروں کے بارے میں مختلف آراء سامنے آتی ہیں، ایسے میں ضلع لیہ کے نتائج ایک مثبت پیغام دیتے ہیں کہ اگر تعلیمی قیادت دیانت داری اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں نبھائے تو سرکاری سکول بھی بہترین نتائج دے سکتے ہیں۔ دریں اثناء ضلع خوشاب کے عوامی، سماجی اور تعلیمی حلقوں نے اس شاندار کامیابی پر سی ای او ایجوکیشن لیہ ڈاکٹر محمد قیوم خان اور ڈی ای او سیکنڈری محمد حسین کو دلی مبارکباد دیتے ہوئے ان کی مزید شاندار کامیابیوں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے ۔ یہ کامیابی دوسرے اضلاع کے لیے بھی ایک قابلِ تقلید مثال ہے۔
ضرورت اس امر کی ہے کہ ان نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ کی مناسب حوصلہ افزائی کی جائے، انہیں وظائف، اعزازات اور دیگر تعلیمی سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ وہ مستقبل میں بھی اسی جذبے کے ساتھ اپنی علمی سفر جاری رکھ سکیں۔ اس کے ساتھ ساتھ دیگر طلبہ کو بھی ایسے کامیاب طلبہ کی مثالیں دے کر مزید محنت کی ترغیب دی جائے۔
ضلع لیہ کے یہ شاندار نتائج اس بات کا اعلان ہیں کہ پاکستان کا روشن مستقبل انہی ذہین، محنتی اور باصلاحیت طلبہ کے ہاتھوں میں ہے۔ اگر حکومت، محکمہ تعلیم، اساتذہ اور والدین اسی جذبے کے ساتھ مل کر کام کرتے رہے تو وہ دن دور نہیں جب ہمارے سرکاری تعلیمی ادارے قومی اور بین الاقوامی سطح پر مزید نمایاں کامیابیاں حاصل کریں گے۔
ضلع لیہ کے ہونہار طلبہ کی یہ کامیابی یقیناً پورے پنجاب اور بالخصوص سرکاری نظامِ تعلیم کے لیے ایک روشن مثال، ایک حوصلہ افزا پیغام اور ایک نئے تعلیمی عزم کی علامت ہے۔


